سابق رکن اسمبلی پی وشنو وردھن ریڈی اور شیخ عبداللہ سہیل و دیگر کی شرکت
حیدرآباد۔ یکم؍ جولائی (سیاست نیوز) سابق رکن اسمبلی و انچارج پارٹی رکنیت سازی مہم جوبلی ہلز پی وشنو وردھن ریڈی نے آج بی آر ایس کے سینئر قائد شیخ عبداللہ سہیل کے علاوہ دوسرے قائدین کے ساتھ بورابنڈہ ڈیویژن کے کئی بستیوں اور علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد الیکشن کمیشن کی جانب سے شروع کردہ ووٹر لسٹوں کی جامع نظرثانی کے بارے میں رائے دہندوں میں شعور بیدار کرنا تھا۔ پی وشنو وردھن ریڈی اور شیخ عبداللہ سہیل نے پارٹی کارکنوں کے ہمراہ گھر گھر پہنچ کر عوام سے ملاقات کی۔ SIR کے پورے عمل کے بارے میں تفصیل سے رہنمائی کی۔ انہوں نے عوام کو بتایا کہ وہ کس طرح ووٹر لسٹ میں اپنے ناموں کی جانچ کرسکتے ہیں۔ نئے ووٹرس کا اندراج کیسے کرسکتے ہیں اور موجودہ ووٹر شناختی کارڈ میں نام یا پتہ کی درستگی سے متعلق معلومات کیسے حاصل کی جائیں۔ بی آر ایس کے قائدین نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس عمل کو ہرگز ہلکے میں نہ لیں اگر انہیں فارمس نہیں ملے ہیں تو فوری بی ایل اوز سے رابطہ کریں۔ اگر بی ایل اوز کی جانب سے انہیں مثبت ردعمل حاصل نہ ہوتو وہ ہم سے یا بی آر ایس کے قائدین سے رابطہ کریں۔ بی آر ایس پارٹی عوام کی رہنمائی کرنے میں ہمیشہ پیش رہے گی۔ اس موقع پر بی آر ایس کے مقامی قائدین اور پارٹی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے اس بیداری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ 2؍F