اسپیکر پرساد کمار کی رولنگ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری(سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ اسمبلی جی پرساد کمار نے رولنگ دیتے ہوئے ارکان کو پابند کیا کہ وہ ایوان میں موبائل فون اور الیکٹرانک آلات کا ہرگز استعمال نہ کریں۔ اسمبلی اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی اسپیکر نے رولنگ سناتے ہوئے کہا کہ کرسیٔ صدارت کی اجازت کے بغیر کسی بھی ویڈیو یا آڈیو کو چلانا قواعد کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں موبائل فون اور دوسرے الیکٹرانک آلات کے استعمال سے گریز کیا جائے ۔ اسپیکر نے میڈیا پوائنٹ پر ارکان کے اظہار خیال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب ایوان کی کارروائی جاری رہے ، اس وقت کوئی بھی رکن میڈیا پوائنٹ پر گفتگو نہ کریں۔ چائے کا وقفہ ، لنچ بریک یا پھر اسمبلی کے التواء کے بعد ارکان کو اختیار رہے گا کہ میڈیا پوائنٹ پہنچ کر اپنی رائے پیش کریں۔ واضح رہے کہ کل ایوان سے واک آؤٹ کے بعد بی آر ایس ارکان کو میڈیا پوائنٹ پر جانے سے روک دیا گیا تھا۔ 1