اشفاق اللہ اور بسمل جمہوری ملک کے خواہاں تھے : قمر آغا

   

ٹی وی چینلز کا ایک محدود دائرہ ، اخبار کی دنیا بالکل الگ ، روزانہ پڑھنے کی عادت ڈالئے

نئی دہلی: یہاں پریس کلب آف انڈیا میں شہید اشفاق اللہ خان اور رام پرساد بسمل کی یاد میں‘‘ سماج میں امن اور انسانیت کو فروغ دینے میں میڈیا کا کردار’’ کے عنوان سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ذرائع ابلاغ دنیا کی بین الاقوامی شخصیات کے علاوہ سماجی اور ادبی شخصیات نے بھی شرکت کی ۔ انہوںنے مذکورہ مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مین اسٹریم میڈیا اور سوشل میڈیا کے تعلق سے گفتگو کی۔ اس موقع پر ممتاز صحافی قمر آغا نے عظیم مجاہدین آزادی اشفاق اللہ خان رام پرساد بسمل کی خدمات اور ان کی بے مثال قربانیوں کا ذکرکرتے ہوئے کرتے ہوئے کہاکہ دونوں نے ہنستے ہوئے وطن عزیز کی خاطر جام شہادت کو قبول کیا اوریہ دونوں ہی مجاہدین ہندوستان کو ایک غیر جانبداراور جمہوری ملک بنانا چاہتے تھے ۔ وہ ایک ایسے نظام کے خواہاں تھے جس میں برابری اور مساوات ہو ۔ انہوں نے موجودہ دور کی صحافت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ٹی وی نیوز چینلوں کا جہاں ایک محدود دائرہ ہے ، وہیں اخبار کی ایک الگ دنیا ہے اور ہمیں اخبار ضرور پڑھنا چاہئے ،کیونکہ اخبار پڑھنے سے معلومات میں اضافہ ہوتاہے ۔ قمر آغانے مزید کہاکہ موجودہ وقت میں صبر و تحمل کامظاہرہ کر نے کی ضرورت ہے کیو نکہ ہم کثرت میں وحدت کے فلسفے پر یقین رکھنے والے ملک میں ہزاروں برسوں سے پیار ومحبت کے ساتھ رہتے آئے ہیں ۔انہوں نے یقین کی ساتھ کہاکہ نفرت کی زندگی بہت مختصر ہوتی ہے ۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے آپسی بھائی چارہ اور اتحاد کومضبوطی کے ساتھ زندہ رکھیں ۔ سینئر جر نلسٹ راہل دیو نے کہاکہ اچھی باتوں کو صرف اسٹیج سے کہنے سے سماج میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی ، بلکہ سماج کی تبدیلی کیلئے ہمیں خود ہی کھڑا ہونا پڑے گا ۔انہوں نے صحافیوں کی ذمہ داریوں پرروشنی ڈالی ، ساتھ ہی آپسی اختلافات کو ختم کر نے پر زور دیا ۔ راہل دیو کا کہناتھا کہ اختلافات قدرت کے دین ہے ، لیکن ہمیں موجودہ وقت میں غلط فہمیوں اور اختلافات کو دور کر نا ہوگا ،نیز آپسی گفتگو کاراستہ اختیار کرناہوگا،تبھی نفرت سے پاک اور بھائی چارہ پر مبنی معاشرہ قائم ہوگا ۔ راہل دیو نے کہاکہ میں آر ایس ایس سے آیا ہوں، اس لئے مجھ سے بہتر انہیں کوئی نہیں سمجھ سکتا ہے ، میں خود موجودہ حالات سے بے حد غمگین ہوں ۔ ٹی وی اینکر سمائیرہ خان نے اپنے خطاب میں کہاکہ میڈیا کے سامنے کافی چیلینجز ضرور ہیں ، لیکن سماج میں تبدیلی کیلئے ہمیں خود ہی آگے آناہوگا ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ سوشل میڈیاکے اس دور میں مین اسٹریم میڈیا کی بھی اپنی ایک الگ اہمیت ہے ۔ ہمیں سماج کے اندر پاک و صاف پیغام پہنچانا ہوگا ، کیونکہ ٹی آر پی حاصل کرنے کی دوڑ میں آج صحافت کہیں نہ کہیں غلط سمت میں ہے ۔