الہ آباد یونیورسٹی کی تحقیق میں انکشاف ، انڈین جرنل آف کلینکل بائیو کیمسٹری رپورٹ کی اشاعت
حیدرآباد۔21۔ستمبر(سیاست نیوز) اشیائے تغذیہ میں استعمال کئے جانے والے اجینوموٹو کا استعمال امراض قلب میں اضافہ کا سبب بن رہا ہے اور قبل از وقت عمر کی وجہ سے ہونے والی بیماریوں کا شکار بنانے کا موجب بننے لگا ہے۔ الہ آباد یونیورسٹی کی جانب سے کی گئی تحقیق کے دوران اس بات کا انکشاف ہواہے کہ اشیائے تغذیہ کو مزیدار بنانے کے لئے استعمال کیا جانے والااجینوموٹو صحت کے لئے بے انتہاء نقصاندہ ہے۔ سابق میں بھی اس طرح کی اطلاعات گشت کر رہی تھیں لیکن اس کے باوجود ریستوراں اور باورچی اجینوموٹو کے استعمال کے ذریعہ کھانوں کو مزیدار بنانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھے لیکن اب الہ آباد یونیورسٹی کے مطالعہ میں ہونے والے انکشاف سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ اجینو موٹو کا استعمال امراض قلب کی اہم وجہ بن رہا ہے ۔علاوہ ازیں کم عمر میں ذیابیطس ‘ جلدی امراض ‘اعضاء شکنی کے علاوہ بلڈ پریشر وغیرہ جیسی بیماریاں بھی اسی کے استعمال کا نتیجہ ثابت ہورہی ہیں۔انڈین جرنل آف کلینکل بائیوکیمسٹری میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں محققین نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ چائنیز کھانوں کے شوقین میں امراض قلب کی وجوہات کا جائزہ لینے کے لئے کی گئی تحقیق کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ان چائنیز اشیاء کے استعمال کرنے والوں میں امراض قلب اور بلڈ پریشر کی علامات پائے جانے لگی ہیں۔ محققین کے مطابق اجینو موٹو جو کہ دراصل ایک ذائقہ کو ابھارنے اور تادیر قائم رکھنے والا نمک ہے جسے مونوسوڈیئم گلوٹامیٹ کہا جاتا ہے اس کے استعمال سے شریانیں کمزور ہونے کے علاوہ صحت کے لئے نقصاندہ ہے۔ الہ آباد یونیورسٹی میں یہ تحقیق کرنے والے سائنسداں پروفیسر ایس آئی رضوی نے بتایا کہ مونوسوڈیئم گلوٹامیٹ کی معمولی مقدار بھی انسانی صحت کے لئے نقصاندہ ہے اور اس کے کوئی فائدہ بخش اثرات نہیں ہیں بلکہ صحت پر اس کے منفی اثرات ہی ریکارڈ کئے جاتے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ مونوسوڈیئم گلوٹامیٹ جسے ایم ایس جی بھی کہا جاتا ہے اس کا استعمال جسم میں ایسے کیمیکل پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے جو کہ اعضائے رئیسہ کو متاثر کرنے کے علاوہ خون کے دوران میں اضافہ کا سبب بنتا ہے۔ پروفیسر رضوی کے مطابق ایم ایس جی کے استعمال سے امراض قلب اور شریانوں کو ہونے والے نقصان کے علاوہ مسلسل استعمال سے دماغ کی شریانوں کو بھی متاثر کرنے کا موجب بننے کے نشان ملے ہیں جس کی وجہ سے بلڈ پریشر میں جلد اضافہ ہورہا ہے۔م