دبئی۔افغانستان کرکٹ ٹیم کے اسپنر راشد خان نے کہا ہے کہ اصغر افغان کی سبکدوشی کے فیصلے کو تسلیم کرنا مشکل ہے۔انہوں نے اصغر افغان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بیان جاری کیا اور کہاکہ جس میں انہوں نے کہا کہ اصغر افغان کی خدمات کا اعتراف کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔راشد خان نے لکھا کہ لیجنڈری اصغر افغان کی سبکدوشی کے فیصلے کو قبول کرنا میرے لیے بہت مشکل ہے، وہ مجھ سمیت موجودہ تمام نوجوانوں کے لیے رہنما رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغان کرکٹ بورڈکے لیے ان کی مثالی خدمات کا شکریہ ادا کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ راشد خان نے یہ بھی کہا کہ ہمیں ٹیم میں ان کی کمی محسوس ہوگی۔ واضح رہے کہ اتوارکو ابوظہبی میں نمیبیا کے خلاف اپنے آخری بین الاقوامی میچ میں اصغر افغان نے 23 گیندوں پر31 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور تین چوکے شامل تھے۔اصغر افغان نے 74 ٹی 20 بین الاقوامی مقابلوں میں 1382رنز بنائے جبکہ 114ونڈے میچز میں424 2 رنز بنائے۔