اقلیتی امیدواروں کیلئے آج سے گروپ I امتحانات کی کوچنگ کا آغاز

   

اردو مسکن خلوت میں کوچنگ سنٹر، امیدواروں سے استفادہ کی اپیل

حیدرآباد۔/14 اپریل، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے اقلیتی امیدواروں کیلئے گروپ I امتحانات کی مفت کوچنگ کا کل 15 اپریل کو آغاز ہوگا۔ گروپI کوچنگ کیلئے درخواست دینے والے امیدواروں کیلئے اردو مسکن خلوت مبارک میں صبح 10:30 تا شام 5 بجے ماہر فیکلٹیز کی نگرانی میں کوچنگ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تاحال 125 امیدواروں نے رجسٹریشن کرایا ہے جن میں حیدرآباد کے 112 ، رنگاریڈی 10 اور وقارآباد کے 2 امیدوار شامل ہیں۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے میناریٹیز اسٹڈی سرکل کی جانب سے گذشتہ دو برسوں سے گروپI امتحانات کی کوچنگ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ جاریہ سال تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے گروپ I کی 563 جائیدادوں کیلئے تقررات کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔ انگلش اور اردو میڈیم امیدواروں کیلئے مفت کوچنگ کا اہتمام کرتے ہوئے انہیں تین زبانوں میں اسٹڈی میٹریل فراہم کیا جائے گا۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال اور چیف منسٹر کے سکریٹری شاہنواز قاسم ( آئی پی ایس ) نے گروپ I اور سیول سرویسیس کوچنگ پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ سیول سرویسیس کوچنگ کیلئے درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 22 اپریل ہے۔ گروپ I امتحانات کی کوچنگ کا مقصد اقلیتی امیدواروں کو گروپ I جائیدادوں پر تقررات کی رہنمائی کرنا ہے۔ کوچنگ میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدوار کل 15 اپریل کو راست طور پر اردو مسکن پہنچ سکتے ہیں۔ مزید تفصیلات کیلئے تلنگانہ میناریٹیز اسٹڈی سرکل سے فون نمبر 040-23236113 پر ربط کیا جاسکتا ہے۔ کوچنگ کی کمی کے نتیجہ میں سابق میں گروپ I جائیدادوں میں اقلیتوں کا تناسب انتہائی کم رہا ہے۔ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے ریاست کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے استفادہ کریں۔ اردو، انگلش اور تلگو زبانوں میں اسٹڈی میٹریل ماہرین کی نگرانی میں تیار کیا جاتا ہے۔1