اقوام متحدہ کی ترکیہ کیلئے ایک ارب ڈالر امداد جمع کرنے کی مہم کا آغاز

,

   

ترکیہ نے ہمیشہ مہاجرین کی بڑھ چڑھ کر میزبانی کی ہے، خصوصی طور پر شام کیلئے اس نے ہمیشہ سخاوت کو پیش نظر رکھا : گوٹیرس

نیویارک : اقوام متحدہ نے ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لئے ایک ارب ڈالر کی انسانی امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے اس موضوع کے حوالے سے تحریری بیان میں صدی کے بد ترین زلزلے سے متاثرہ ترک عوام کے لئے انسانی امداد فراہم کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں فنڈنگ کا عمل تین ماہ تک جاری رہے گا، بالخصوص خوراک، تحفظ، تعلیم، پانی اور رہائش فراہم کرنے کے شعبہ جات میں 52 لاکھ افراد کو امداد فراہم کرنے میں تعاون کیا جائیگا۔ ترکیہ سب سے زیادہ مہاجرین کی میزبانی کرنے والا ملک ہے اور یہ شامی ہمسایہ کے لئے سالہا سال سے بڑی سخاوت کا مظاہرہ کرتا چلاآرہا ہے۔گوٹیرس نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ ترک عوام سے تعاون کیاجائے، جو دنیا میں مدد مانگنے والوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، آج سے صدی کے سب سے بڑے زلزلے کے بعد اقوام متحدہ کی جانب سے ترک عوام کے لئے 1 بلین ڈالر مالیت کی انسانی امداد کی اپیل شروع کی جا رہی ہے۔افریقہ کے مشرق میں 99 ہزار کی آبادی والے جزیرے کے ملک سیشلز نے قاہرامان ماراش کے مرکز میں آنے والے زلزلوں کے بعد ترکی میں زلزلہ زدگان کے لئے 66 ٹن امداد بھیجی ہے۔نیروبی میں ترک سفارت خانے نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ سیشلز کے لوگوں نے زلزلے کی تباہی کے باعث ترکیہ کو کمبل، سردیوں کے کپڑے اور بستر عطیہ کئے ہیں۔کویتی امدادی تنظیموں کی جانب سے ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی امداد کے لئے بھیجے گئے امدادی طیاروں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔کویت کی ایک غیر سرکاری تنظیم انٹرنیشنل مرسی اسوسی ایشن کے عہدیداروں میں سے ایک ولید الانسری نے بتایا ہے کہ کویت سے زلزلہ زدگان کی امداد کے لئے ترکیہ بھیجے جانے والے امدادی طیاروں کی تعداد 9 تک پہنچ گئی ہے، اور ہم زلزلے میں اپنی جانیں گنوانے والوں کے لئے اللہ تعالیٰ سے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے دعا گو ہیں۔لیبیا کے شہر مصراتہ میں عوام نے زلزلے کے بعد پہلے مرحلے میں انسانی امداد کے 12 ٹرک ترکیہ بھیجے۔مصراتہ شہر کے ہلال احمر ادارے کے منیجر فتحی شعبانی نے کہا ہے کہ ’’ ترک عوام اور ترک ہلال احمر نے ہمیشہ ہماری جانب امدادی ہاتھ بڑھایا ہے۔ ہمیں دلی طور پر دکھ پہنچانے والی اس عظیم آفت کی بنا پر ہم بھی انسانی طور پر ترک عوام کے شانہ بشانہ ہونا چاہتے ہیں۔