کانگریس کی 4 درخواستوں پر سابق میں وقت نہیں دیا گیا، جئے رام رمیش کا چیف الیکشن کمشنر کو مکتوب
حیدرآباد۔/2 جنوری، ( سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات سے قبل کانگریس زیر قیادت اپوزیشن اتحاد نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے مسئلہ پر الیکشن کمیشن کو اپنے شبہات سے واقف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس رکن راجیہ سبھا جئے رام رمیش نے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اپوزیشن کے وفد کو ملاقات کا موقع فراہم کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے وی وی پیاٹس کے بارے میں اپنی رائے پیش کی جاسکے۔ واضح رہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے محفوظ ہونے سے متعلق خدشات میں دن بہ دن اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں ٹیمپرنگ اور اُلٹ پھیر سے متعلق پریزنٹیشن کے باوجود الیکشن کمیشن نے ووٹنگ مشینوں کے ذریعہ رائے دہی کو برقرار رکھا ہے۔ جئے رام رمیش نے سابق میں چار مرتبہ اپوزیشن کی جانب سے کی گئی نمائندگیوں کا حوالہ دیا۔ 9 اگسٹ 2023 کو ای وی ایم مشینوں سے متعلق یادداشت پیش کی تھی جس میں الیکشن کمیشن سے ملاقات کا وقت مانگا گیا تھا لیکن کمیشن نے وقت نہیں دیا۔ 23 اگسٹ 2023 کو الیکشن کمیشن نے وضاحت جاری کی جس میں الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ پر مشینوں سے متعلق دستیاب معلومات کا مشاہدہ کرنے کے علاوہ ای وی ایم مشینوں کی قانونی حیثیت اور سپریم کورٹ اور مختلف ہائی کورٹس کے فیصلوں سے واقف کرایا گیا۔ 2024 سے مختلف اسمبلی انتخابات کے نتائج کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں جس میں یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی کہ مشینوں میں کوئی اُلٹ پھیر کی گنجائش نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن نے انڈیا الائنس کے قائدین کو ملاقات کا موقع نہیں دیا۔2 اکٹوبر2023 کو پھر ایک بار الیکشن کمیشن سے نمائندگی کرتے ہوئے ملاقات کی خواہش کی گئی۔ 20 ڈسمبر 2023 کو انڈیا الائنس کے قائدین نے الیکشن کمیشن کو یادداشت پیش کرنے کیلئے وقت مانگا تھا لیکن وقت نہیں دیا گیا۔ جئے رام رمیش نے سابق میں دی گئی نمائندگیوں کی بنیاد پر انڈیا الائنس کے تین تا چار قائدین کو ملاقات کا وقت دینے کی اپیل کی ہے۔1