امت ، ہمدرد ، علم کے خدمت گذار سے محروم

   

جنگاؤں میں تعزیتی جلسہ ، مولانا عبدالرحیم انصاری کو خراج عقیدت
جنگاؤں۔ 29 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مولانا عبد الرحیم انصاری ناظم جامعہ دارالعلوم حیدرآباد کا تعزیتی جلسہ مولانا عبدالحفیظ ، صدر جمعیتہ علماء جنگاوں کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالحفیظ قاسمی نے کہا کہ موصوف گوناگوں صفات کے حامل تھے دارالعلوم حیدرآباد کے ناظم بھی تھے یو نائیٹڈ مسلم فورم کے صدر بھی تھے اور دومیعاد کیلئے اردو اکیڈمی کے چیرمین بھی تھے اور تاریخی کام انجام دیئے۔ آپ بہترین منتظم تھے ۔ علمائے دیوبند سے بے انتہا عقیدت رکھنے والے تھے، جامعہ کے طلباء کو اکابر علماء کرام سے استفادہ کر وانے کیلئے اکثر مہمان علماء و اکابرین کو جامعہ مدعو کرتے اور طلباء کو ان سے استفادہ کر اتے۔ مسجد عاقل کے افتتاح کیلئے امام حرم کو مدعو کیا جو کہ تاریخی کارنامہ ہے۔ محمد خواجہ مجتہدالدین، معتمد جامع مسجد جنگاوں نے کہا کہ مولانا بے لوث کام کرتے بلکہ آپ اپنی ذات میں انجمن تھے۔ محمد جمال شریف ایڈوکیٹ و صدر ایکمینار مکہ مسجد نے کہا کہ عبدالرحیم انصاری مسلمانوں کے مختلف مسائل کو حکومتی سطح پر حل کرنے کا جذبہ رکھتے اور حکومتی سطح پر اردو اکیڈمی کے چیرمین کے حیثیت سے بہت سے کام انجام دیے۔ ان کے انتقال سے امت ایک ہمدرد انسان سے محروم ہوگئی۔ مولانا عبد الرحمن سبیلی ناظم مدرسہ کاشف العلوم نے بھی مرحوم کے خصائل اور خدمات پر روشنی ڈالی۔ مولانا فصیح الاسلام امام مدینہ مسجد، مولانا معز الدین رشیدی ناظم مدرسہ بریرہ نسوان، محمد صمد ،مسیح الرحمن صدر جامع مسجد جنگاوں، محمد ظہیر الدین عظیم نامہ نگار روزنامہ اعتماد حافظ مہیمین الدین اور دیگر افراد موجود تھے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی گئی اور مولانا عبدالحفیظ قاسمی نے دعا فرمائی۔