امتحان میں ایک منٹ تا خیر ‘طالب علم کی جان گئی

   

عادل آباد میں انٹرفرسٹ ایئر طالب علم کی خودکشی
حیدرآباد ۔ 29 ۔ فروری(سیاست نیوز) انٹرمیڈیٹ امتحانات میں امیدواروں کیلئے ایک منٹ تاخیر سے نہ آنے کی شرط نے عادل آباد میں ایک طالب علم کی جان لے لی ہے ۔ عادل آباد ضلع کے جئے ناتھ منڈل میں انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر کے امتحان کے دن تاخیر سے پہنچنے پر امیدوار کو امتحان ہال میں داخلہ کی اجازت نہیں دی گئی۔ اس واقعہ سے دلبرداشتہ ہوکر جی شیوا کمار نامی طالب علم نے ستنالا پراجکٹ ڈیم میں کود کر خودکشی کرلی۔ واضح رہے کہ کل سے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا آغاز ہوا اور حکام نے شرط رکھی ہے کہ ایک منٹ بھی تاخیر سے پہنچنے والے امیدواروں کو امتحان ہال میں داخلہ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عادل آباد میں مانگورلا گاؤں سے تعلق رکھنے والے شیوکمار کو امتحانی مرکز پہنچنے میں تاخیر ہوگئی تھی جس پر انہیں امتحان لکھنے نہیں دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ طالب علم گورنمنٹ بوائز جونیئر کالج میں زیر تعلیم تھا اور امتحانی مرکز کلکٹریٹ کے قریب ایک خانگی جونیئر کالج میں قائم کیا گیا تھا ۔ امتحان ہال میں داخلہ کی عدم اجازت پر شیو کمار مایوس گھر لوٹ گیا اور اس نے گھر میں خودکش نوٹ لکھا اور ستنالا پراجکٹ میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ طالب علم کے والد نے خودکش نوٹ پولیس کے حوالے کیا ۔ پولیس نے نعش کو برآمد کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ انٹرمیڈیٹ امتحانات میں ہر سال طلبہ کی خودکشی کے واقعات پیش آرہے ہیں اور امتحانی مرکز میں داخلہ کی اجازت نہ دینے پر خودکشی کا جاریہ سال یہ پہلا واقعہ ہے ۔ 1