واشنگٹن : ایک سینئر امریکی سفارت کار نے جمعہ کے روز شام کے نئے قائد احمد الشرع کو، جو اس سے قبل ابو محمد الجولانی کے نام سے جانے جاتے تھے، بتایا کہ واشنگٹن ان کی گرفتاری پر مقرر انعام ختم کر رہا ہے، جس کا ایک سبب ان کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے وعدے ہیں اور دوسرے ان کے مثبت پیغامات کا خیرمقدم کرنا ہے۔ مشرق وسطیٰ کے لیے سینئر امریکی سفارت کار باربرا لیف نے دمشق میں احمد الشرع کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ ہمارے درمیان ہونے والی بات چیت کی بنیاد پر میں نے انہیں بتایا کہ ہم ان کی گرفتاری سے متعلق مقررہ انعام پر اب عمل نہیں کریں گے۔ احمد الشرع کی گرفتاری میں مدد دینے و الی معلومات فراہم کرنے پر امریکہ کی جانب سے کئی برس سے انعام مقرر تھا۔ شام کی مہلک ترین خانہ جنگی کے ابتدائی ایام کے بعد امریکی سفارت کاروں کے دمشق کے پہلے باضابطہ دورے میں شامل لیف کا کہنا تھا کہ ہم نے الشرع کے مثبت پیغامات کا خیرمقدم کیا ہے۔