واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ امریکہ کو اسرائیل اور مغربی کنارے میں تشدد کی سطح پر گہری تشویش ہے اور خدشہ ہے کہ وہاں اسرائیلی فورسز کی کاروائیوں سے قیام امن کی کوششوں میں خلل واقع ہوگا۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ واشنگٹن اسرائیل کے سیکورٹی خدشات کو سمجھتا ہے لیکن شہریوں کی بڑی تعداد میں ہلاکتوں پر گہری تشویش ہے۔اس دوران اقوام متحدہ میں فلسطین کے مندوب نے العربیہ سے بات کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ تنازعہ کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔فلسطینی مشن نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینی عوام کے تحفظ فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔فلسطین میں گزشت روز مغربی کنارے کے شہر نابلس پر اسرائیلی فوج کے حملے میں 10 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج کے ترجمان رچرڈ ہیکٹ نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فورسز اور مشتبہ افراد میں “فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور فوج نے مکان پر میزائل داغے “۔فلسطینی صدر نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی اور “ان کاروائیوں کا ذمہ دار اسرائیلی حکومت کو ٹھہرایا”۔حسین الشیخ نے بھی نابلس میں اسرائیلی کارروائی کو “قتل عام” قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے “فوری مداخلت” کا مطالبہ کیا۔