واشنگٹن : امریکہ نے جمعرات کو اسرائیل کیلئے اپنے فضائی حدود کھولنے کے عمان کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے اپنی سفارتی کوششوں کی کامیابی قرار دیا۔وائٹ ہاؤس نے عمان کیساتھ شراکت داری اور اس اقدام کیلئے سلطان ہیثم بن طارق کی قیادت کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔گذشتہ روز عمان نے اعلان کیا تھا کہ اس کی فضائی حدود اسرائیل کی ان تمام دو طرفہ پروازوں کیلئے کھلی رہیں گی جو شہری ہوابازی اتھارٹی کی شرائط پوری کرتے ہیں۔ امریکہ کی قومی سلامتی کونسل کی ترجمان ایڈرین واٹسن نے کہا کہ یہ فیصلہ واشنگٹن کی مہینوں کی ’’خاموش سفارتی کوششوں‘‘ کا نتیجہ ہے۔وائٹ ہاؤس نے کہا کہ عمان کا ’’تاریخی اقدام‘‘ گذشتہ سال امریکی صدر جو بائیڈن کے مشرق وسطیٰ کے دورہ کے دوران شروع ہونے والے اس عمل کی تکمیل ہے جس کی ابتدا سعودی عرب کی فضائی حدود تمام سویلین طیاروں کیلئے کھولنے سے ہوئی تھی۔تاریخ میں پہلی بار ، اسرائیل جانے اور آنے والے مسافر اب اسرائیل اور ایشیا کے درمیان براہ راست راستوں پر سفر کر سکیں گے۔