امریکہ کی نریندر مودی کو دوسری بار کانگریس سے خطاب کرنے کی دعوت

   

واشنگٹن : امریکہ نے وزیراعظم نریندر مودی کو دوسری بار کانگریس سے خطاب کرنے کی دعوت دی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق امریکی قانون سازوں کی جانب سے نریندر مودی کو رواں ماہ دورہ واشنگٹن کے دوران کانگریس میں خطاب کی دعوت دی گئی ہے۔سینیٹ اور ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک اور ری پبلکن قائدین نے گزشتہ روز مودی کو لکھے گئے خط میں دعوت نامہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 22 جون کو ہونے والی وزیراعظم کی تقریر دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی کا جشن منائے گی۔2016 میں امریکی قانون سازوں سے تقریر کرنے کے بعد یہ دوسرا موقع ہوگا جب مودی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ وائٹ ہاؤس نے گزشتہ ماہ مودی کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ صدر جو بائیڈن دونوں ممالک کے درمیان گہری اور قریبی شراکت داری کی تصدیق کے لیے ان کی میزبانی کریں گے۔بائیڈن انتظامیہ نے حالیہ برسوں میں بھارت کے ساتھ تعلقات کو گہرا کرتے ہوئے نام نہاد کواڈ الائنس کو مضبوط کیا جس میں آسٹریلیا، جاپان، اسرائیل اور متحدہ عرب امارات شامل ہے۔دوسری جانب امریکہ میں مودی کے ناقدین نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی قوم پرست پالیسیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مزید اقدامات کرے۔امریکہ میں موجود وزیراعظم کے مخالفین کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم ہندوستان ۔ امریکہ کے ان الزامات کو مسترد کرچکا ہے۔