نیویارک: امریکہ کے محکمہ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حکومت ملک کی پانچ جامعات میں یہود مخالفت کے حوالے سے نئی تحقیقات شروع کر رہی ہے۔ ان جامعات میں نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے بھی شامل ہیں۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے انتخابی وعدوں میں شامل تھا کہ وہ تعلیمی اداروں میں یہود مخالفت کے خلاف سخت اقدامات کریں گے اور بائیڈن انتظامیہ کے مقابلے میں زیادہ سخت سزائیں دیں گے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے ہی ایک حکم نامے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت تعلیمی اداروں میں یہود مخالف تعصب سے نمٹنے کیلئے جارحانہ اقدامات کا کہا گیا تھا۔ ان اقدامات میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہروں میں شرکت کرنے والے غیرملکی طلبہ کی ملک بدری کا اقدام بھی شامل ہے۔