واشنگٹن : امریکی ریاست ٹینیسی کے ایک سکول میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک 28 سالہ نوجوان نے بچوں سمیت چھ افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پیر کی صبح ٹینیسی کے دارالحکومت نیشویل کے ایک نجی سکول کی عمارت میں مسلح شخص داخل ہوا جس کے پاس دو اسالٹ رائفل اور ایک 9 ایم ایم کی پستول موجود تھی۔فائرنگ کے واقعے میں تین بچوں سمیت سکول عملے کے تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ملزم آڈرے الیزبتھ ہیل کا تعلق نیشویل سے ہے جو اسی سکول سے تعلیم حاصل کر چکا تھا۔پولیس چیف جان ڈریک کا کہنا ہے کہ ملزم کے پاس سکول کی عمارت کے تفصیلی نقشے موجود تھے اور ایک منشور بھی چھوڑ کر گیا ہے جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔پولیس چیف نے ملزم کی شناخت ٹرانسجینڈر بتائی ہے تاہم مزید تفصیلات نہیں فراہم کیں۔پولیس کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور نیم خودکار رائفل کے ساتھ سکول کی عمارت میں داخل ہوتا ہے اور ہالز میں گھوم رہا ہے۔