امریکی آپریشن میں داعش کے 10ارکان ہلاک

   

واشنگٹن : امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اعلان کیا ہے کہ امریکی افواج نے چہارشنبہ کے روز صدر بائیڈن کے حکم پر شمالی صومالیہ میں ایک جارحانہ کارروائی کی جس میں صومالیہ میں تنظیم کے ایک رہنما بلال السوڈانی سمیت داعش کے متعدد ارکان کو مار دیا گیا ہے۔آسٹن نے کہا کہ بلا ل السوڈانی افریقہ میں تنظیم کی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور افغانستان سمیت دنیا بھر میں اس کے آپریشنز کی مالی مدد میں اہم کردار ادا کر رہا تھا۔ آسٹن نے کہا کہ آپریشن میں کوئی شہری ہلاک نہیں ہوا۔ اس آپریشن سے اندرون اور بیرون ملک امریکیوں کو دہشت گردی سے بچانے کے لیے امریکہ کے پختہ عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے بھی صومالیہ میں امریکہ آپریشن کے دوران بلال السوڈانی کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔عہدیدار نے کہا آپریشن میں داعش کے 10 ارکان مارے گئے ہیں۔وائٹ ہاؤس نے کہا کہ امریکہ نے سوڈانی باشندوں کو نشانہ بنانے والے آپریشن کی تفصیلات سے صومالی حکومت کو آگاہ کر دیا ہے۔یہ کارروائی امریکی افریقی کمان کے اس اعلان کے چند دن بعد کی گئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ صومالی دارالحکومت موغادیشو کے شمال مشرق میں گالکاڈکے تحفظ میں صومالی فوج کے ساتھ ملکر دفاعی کارروائی میں حصہ لیا ہے۔