واشنگٹن: افغانستان کیلئے امریکہ کی خصوصی قاصد نے افغان خواتین سے متعلق اپنی ٹوئٹس پر معافی مانگ لی۔ اس ٹوئٹ پر کیرن ڈیکر کو کافی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی اعلیٰ سفارت کار کیرن ڈیکر نے ایک ٹوئٹ کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ جدوجہد کرنے والی افغان خواتین کو بھی افریقی امریکی سیاہ فام کی تاریخ اور ثقافت سے سیکھنا چاہیے اور خاص طور پر انھیں سوشل میڈیا موومنٹ #BlackGirlMagic سے مدد مل سکتی ہے۔ اپنی ٹوئٹ میں انھوں نے یہ بھی کہا تھا کس طرح ایک ریسٹورینٹ میں سیاہ فام افراد کو کھانا نہ دینے پر سیاہ فام افراد روز آتے اور ٹیبل کرسی پر بیٹھ جاتے تھے یہاں تک کہ ریسٹورینٹ والے پالیسی بدلنے پر مجبور ہوگئے۔ کیرن ڈیکر نے مزید لکھا تھا کہ افغانستان میں اس طرح کا پرامن احتجاج دیکھنے کو کیوں نہیں ملتا۔ کیا افغان #BlackGirlMagic سے واقف ہیں؟ کیا افغان لڑکیوں کو بھی ایسی ہی تحریک کی ضرورت ہے؟