امریکی قونصل خانہ حیدرآباد کی عنقریب نئی عمارت میں منتقلی، آئندہ سال سے سرگرمیوں کا آغاز

   

حیدرآباد۔24۔مئی(سیاست نیوز) امریکی قونصل خانہ حیدرآباد جاریہ ماہ کے اواخر تک فینانشل ڈسٹرکٹ ‘ نانک رام گوڑہ میں تعمیر کئے گئے نئے قونصل خانہ میں منتقل ہوجائے گا۔ سال 2023 کی ابتداء سے ہی امریکی قونصل خانہ کی سرگرمیوں کا نانک رام گوڑہ سے آغاز کردیا جائے گا اور قونصل خانہ میں خدمات انجام دینے والے مختلف شعبہ جات کی منتقلی کا عمل جاریہ سال کے اواخر میں شروع کردیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ قونصل خانہ کی منتقلی کے دوران ویزا کے حصول کے لئے انٹرویو میں کسی قسم کا خلل نہ پیدا ہواس کے لئے امریکی حکام کی جانب سے آخری مرحلہ میں ویزا کی اجرائی کے ذمہ دار شعبہ کو منتقل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ سال 2008 سے پائیگاہ پیالیس میں خدمات انجام دے رہے امریکی قونصل خانہ کی نانک رام گوڑہ منتقلی کے فیصلہ کے ساتھ پائیگاہ پیالیس کی عمارت کو حکومت کے حوالہ کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز بھی کیاجاچکا ہے اور کہا جا رہاہے کہ قونصل خانہ کی بیگم پیٹ سے مکمل منتقلی کے ساتھ ہی پائیگاہ پیالیس کی عمارت کو ریاستی وزارت بلدی نظم و نسق کے حوالہ کردیا جائے گا۔ قونصل خانہ کے ذرائع کے مطابق منتقلی کے عمل اور تعمیرات کی تکمیل میں ہونے والی تاخیر کی بنیادی وجہ کورونا وائرس کے سبب ہونے والا لاک ڈاؤن ہے اور اب نئے قونصل خانہ کی تعمیرکے تمام امور کو مکمل کرلیا گیا ہے۔ قونصل خانہ کی نئی عمارت میں ویزاکے لئے انٹرویو کے 54 ونڈوز تعمیر کئے گئے ہیں جبکہ موجودہ قونصل خانہ میں صرف 14 انٹرویو ونڈوز موجود ہیں ۔ ذرائع کے مطابق قونصل خانہ کی خدمات کے آغاز کے ساتھ ہی ان تمام انٹرویو ونڈوز کی خدمات شروع کئے جانے کا امکان نہیں ہے لیکن قونصل خانہ کی نئی عمارت میں ویزاکی اجرائی ‘ سفارتی امور‘ تجارتی امور‘ تعلیمی امور کے علاوہ تہذیبی اموراور سیاسی امور کے سلسلہ میں خدمات انجام دینے والے تمام دفاتر ایک چھت کے نیچے خدمات انجام دیں گے ۔12 ایکڑ پر محیط امریکی قونصل خانہ کی نئی عمارت میں قونصل خانہ کی منتقلی کے متعلق کہا جار ہاہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران منتقلی کے سلسلہ میں احکامات جاری کئے جائیں گے۔م