امیت شاہ نے چندی گڑھ میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا

   

چنڈی گڑھ، یکم نومبر (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امیتشاہ نے اتوار کو چنڈی گڑھ میں تقریباً 250 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر چنڈی گڑھ کے ایڈمنسٹریٹر گلاب چند کٹاریا، میئر سوربھ جوشی، راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ ستنام سنگھ سندھو اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موجود تھے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ یکم نومبر چنڈی گڑھ، ہریانہ اور چنڈی گڑھ پولیس کے لیے ایک تاریخی دن ہے ۔ اسی دن 1966 میں چنڈی گڑھ اور ہریانہ کا قیام عمل میں آیا تھا اور چنڈی گڑھ پولیس کی شروعات ہوئی تھی۔ انہوں نے چنڈی گڑھ کو ملک کا بہترین منصوبہ بند شہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پورے شمالی ہندوستان کی روح ہے ۔مسٹر شاہ نے رائے پور کلاں میں تقریباً 70 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے انٹر اسٹیٹ بس ڈپو اور پولیس اہلکاروں کے لیے 68 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی 191 ٹائپ-3 رہائش گاہوں کا خصوصی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ چنڈی گڑھ پولیس کے جوانوں کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے ۔ پولیس کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے تقریباً 150 گاڑیاں بھی فراہم کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چنڈی گڑھ پولیس کو صدر جمہوریہ کا نشان ملنا فخر کی بات ہے ۔ حکومت کا ہدف ہے کہ آئندہ برسوں میں پولیس اہلکاروں کو رہائش گاہوں کی فراہمی اور اطمینان کے معاملے میں چنڈی گڑھ ملک میں پہلے مقام پر پہنچے ۔