انتخابات کا سامنا کرنے کیلئے ٹی آر ایس کی تیاریوں کا آغاز

   

پرشانت کشور ٹیم کا حلقہ واری اساس پر کارکنوں کے ساتھ اجلاس شروع کرنے کا منصوبہ
حیدرآباد۔4۔اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی اور پارٹی صلاح کار و سیاسی حکمت عملی کے ماہر پرشانت کشور کی ٹیم کی جانب سے حلقہ واری اساس پر ٹی آر ایس کارکنوں کے ساتھ اجلاس کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کہا جارہا ہے کہ ٹی آر ایس تمام 119 اسمبلی حلقوں کے قائدین و کارکنوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کے ساتھ مستقبل کی حکمت عملی کے متعلق تبادلہ خیال کرے گی اور پارٹی کی انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے مصروف کار کمپنی آئی ۔ پیاک کے ذمہ داروں نے فیصلہ کیاہے کہ حلقہ واری اساس پر میڈیا نمائندوں اور پارٹی قائدین کے درمیان رابطہ کو مستحکم بنانے کے ساتھ ان کی غیر رسمی ملاقاتوں میں اضافہ کیا جائے ۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ اور ان کے فرزند کے ٹی راما راؤ نے پرشانت کشور کی اس حکمت عملی کو منظوری دیدی اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ ہفتہ سے اجلاسوں کا آغاز کردیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق پرشانت کشور کی ٹیم نے اپنی تجاویز میں ہر حلقہ اسمبلی سے تین نام حوالہ کئے ہیں جنہیں متوقع امیدواروں کی فہرست میں شامل رکھنے کا مشورہ دیا گیا اور کہا گیا ہے کہ ان قائدین کو حلقہ واری اساس پر اجلاس میں مدعو کیا جائے اور آن لائن اجلاسوں کے درمیان پارٹی استحکام کیلئے ان کی تجاویز حاصل کی جائیں۔ بتایاجاتا ہے کہ ٹی آر ایس کو موصول تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد پارٹی قائدین کا کہنا ہے کہ وائی ایس آر سی پی کے قیام کے بعد جس طرح کی سرگرمیاں اور عوام کے درمیان پہنچنے جو حکمت عملی تیار کی گئی تھی ایسی منصوبہ بندی ٹی آر ایس کیلئے کی جا رہی ہے۔ پارٹی قائدین کے حلقہ واری اساس پر اجلاس کے عمل کو مکمل کرنے کے ساتھ I-PAC کے ذمہ داروں نے پارٹی کو مشورہ دیا کہ وہ تحریک تلنگانہ کے دوران غداری کرنے والوں کے خلاف اور تحریک تلنگانہ میں قربانی دینے والوں کے حق میں نغموں کی تیاری کریں کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ نغموں کے ذریعہ تلنگانہ جذبات کو ایک مرتبہ پھر سے ابھارا جاسکتا ہے اور تلنگانہ جذبات کا ٹی آر ایس کو آئندہ انتخابات میں بھی فائدہ حاصل ہوگا۔م