نئی دہلی : انتخابات کے بعد مسلمانوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے، مودی کے وزیر اعظم بننے کے ہندو دہشت گردوں نے مسلم آبادیوں پر حملے دوبارہ سے شروع کردیئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی کا کہنا ہے کہ حالیہ لوک سبھا انتخابات کے بعد ملک کے کئی حصوں میں مسلمانوں پر حملوں کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہیں سنگھ پریوار مسلمانوں سے انتقام تو نہیں لے رہا ہے؟ انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد ملک کے کئی حصوں میں مسلمانوں پر حملوں کے واقعات بڑھ گئے ہیں، جس کے نتیجہ میں اب تک اتر پردیش میں دو علما کو شہید کردیا گیا۔بعض گوشوں سے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ حالیہ انتخابی نتائج کے بعد بی جے پی کو جو نقصان ہوا ہے وہ محض مسلمانوں کے بی جے پی کو ووٹ نہ دینے کی وجہ سے ہوا ہے اسی لئے مسلم علماء کے علاوہ عام مسلمانوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔