نیویارک : عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر انجلینا جولی نے مشترکہ جائیداد پر قبضہ کرنے کے الزام میں اپنے سابق شوہر، اداکار بریڈ پٹ پر 250 ملین ڈالر کا مقدمہ دائر کردیا۔ عدالتی دستاویزات میں انجلینا نے انکشاف کیا ہے کہ میں نے اور بریڈ پٹ نے مل کر فرانس کے جنوب میں 1300 ایکڑ پر مشتمل مشترکہ جائیداد خریدی اور اپنے کاروبار کو بڑھانے کیلئے کئی گنا سرمایہ کاری کی۔ اداکارہ کا دعویٰ ہے کہ اب بریڈ پٹ نے طلاق اور بچوں کی تحویل کی کارروائی کے بدلے میں اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ جائیداد میں سے مجھے ایک پیسہ بھی نہ ملے، فرانس میں موجود مشترکہ جائیداد پر قبضہ کرنے کیلئے ایک مہم شروع کی ہے۔ انجلینا کے مطابق، بریڈ پٹ نے اُنہیں خاموش کروانے کیلئے ان سے ایک کانٹریکٹ پر دستخط بھی کروائے تاکہ اُنہیں شادی کی تفصیلات پھیلانے سے روکا جا سکے۔