اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت 1612کروڑ کی اجرائی

   

تین مراحل میں 5 لاکھ کی منظوری، مینجنگ ڈائرکٹر ہاؤزنگ کارپوریشن کا انکشاف
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) ریاست میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت استفادہ کنندگان کو تاحال 1612.37 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ۔ مینجنگ ڈائرکٹر ہاؤزنگ کارپوریشن وی وی پی گوتم کے مطابق استفادہ کنندگان کو مکانات کی تعمیر کیلئے مرحلہ وار رقم جاری کی جارہی ہے ۔ اراضی رکھنے والے غریبوں کو اسکیم کے تحت تین مراحل میں رقم جاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت ریاست بھر میں 2.12 لاکھ مکانات کی تعمیر کا کام شروع ہوچکا ہے۔ ایک لاکھ 30 ہزار مکانات کی تعمیر آخری مراحل میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 5 لاکھ روپئے استفادہ کنندگان کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کئے جائیں گے ۔ تلنگانہ 12 ہزار سے زائد مواضعات میں 4 ہزار میونسپل وارڈس میں اندراماں ہاؤزنگ کے تحت مکانات کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ مینجنگ ڈائرکٹر نے کہا کہ ضلع کلکٹرس کی جانب سے مکانات کی تعمیر کی پیشرفت کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ریاست بھر میں 17 ہزار مکانات کیلئے 188.35 کروڑ جاری کئے گئے ۔ بیسمنٹ تک تعمیر کے سلسلہ میں 1210.76 کروڑ روپئے 121076 مکانات کیلئے جاری کئے گئے ۔ چھت تک تعمیر کے سلسلہ میں 252.64 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی ہے ۔1