اندراماں ہاؤزنگ کے تحت مکانات کی تعمیر جلد مکمل کرنے عہدیداروں کو ہدایت

   

وزیر مال سرینواس ریڈی کا جائزہ اجلاس، 4 مراحل میں امدادی رقم جاری کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد 28 مارچ (سیاست نیوز) وزیر مال و ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت مکانات کی تعمیر کے آغاز پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ ایسے مکانات جن کے بیسمنٹ کا کام مکمل ہوچکا ہے اُنھیں امدادی رقم کی اجرائی عمل میں لائی جائے۔ سرینواس ریڈی نے جو ورنگل ضلع کے انچارج وزیر بھی ہیں، آج سکریٹریٹ میں ورنگل اسمارٹ سٹی، ورنگل سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کی تعمیر کے علاوہ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ ریاستی وزیر پنچایت راج ڈی انوسویا سیتکا، وزیر جنگلات کونڈہ سریکھا، چیف منسٹر کے مشیر نریندر ریڈی اور متحدہ ورنگل ضلع کے عوامی نمائندوں، کلکٹرس اور عہدیداروں نے شرکت کی۔ وزیر مال سرینواس ریڈی نے کہاکہ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ استفادہ کنندگان اور اسکیم کے آغاز کے لئے جن مواضعات کی نشاندہی کی گئی وہاں تعمیری کاموں کو تیز تر کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ اندراماں ہاؤزنگ کی امدادی رقم 4 مراحل میں جاری کی جائے گی۔ بیسمنٹ کی تعمیر کی تکمیل پر ایک لاکھ روپئے کی امداد دی جائے گی۔ وزیر مال نے عہدیداروں سے کہاکہ ایسے مکانات کی نشاندہی کی جائے جن کی بیسمنٹ کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے۔ اُنھوں نے ضلع میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر اور اُن کے الاٹمنٹ کا جائزہ لیا۔ وزیر مال نے موسم گرما میں پینے کے پانی اور آبپاشی کی سہولتوں کے لئے پانی کی مؤثر سربراہی کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ ورنگل ضلع میں ترقیاتی اسکیمات کی عاجلانہ تکمیل کی جائے گی۔1