انٹر میڈیٹ امتحانات میں نقل نویسی میں مدد پر 9 عہدیداروں کی معطلی

   

کاماریڈی کے 4 جونیر لکچررس شامل، مبصرین کے ذریعہ امتحانی مراکز پر نظر

حیدرآباد۔/3مارچ، ( سیاست نیوز) بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کے امتحانات میں طلبہ کو نقل نویسی میں مبینہ طور پر مدد کے الزام میں 9 عہدیداروں کو معطل کیا گیا ہے۔ معطل عہدیداروں میں چیف سوپر وائزرس، محکمہ تعلیم کے عہدیدار اور جونیر لکچررس شامل ہیں۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کے ذرائع کے مطابق سدی پیٹ 3 ، میڑچل میں 2 عہدیداروں اور کاماریڈی میں 4 جونیر لکچررس کو معطل کیاگیا۔ جونیر لکچررس پر الزام ہے کہ انہوں نے سداشیو نگر گورنمنٹ جونیر کالج کاماریڈی میں جمعہ کے دن منعقدہ امتحان میں فرسٹ ایئر طلبہ کیلئے نقل نویسی کی منصوبہ بندی کی تھی۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے مبصرین نے دورہ کے موقع پر دیکھا کہ لکچررس امتحان سے قبل ہی بعض الیکٹرانک آلات اپنے ساتھ رکھے ہوئے تھے جن کے ذریعہ امیدوار باہر کے افراد سے بات کرسکتے تھے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ہر امتحانی مرکز میں پولیس کے دو اسکواڈز متعین کئے گئے ہیں۔ مذکورہ کالج کے پولیس عہدیداروں نے نقل نویسی کی تیاری کو محسوس کرتے ہوئے آبزرورس کو اطلاع دی۔ مذکورہ لکچررس کو فوری خدمات سے علحدہ کردیا گیا اور جانچ کے بعد معطلی کا فیصلہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چار معطل جونیر لکچررس میں تین کا تعلق اسی کالج سے ہے جبکہ چوتھا گورنمنٹ جونیر کالج راما ریڈی میں فیکلٹی ممبر کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہے۔ امتحانات کے آغاز کے بعد سے تاحال نقل نویسی کے 11 معاملات درج کئے گئے جو اضلاع جنگاؤں، کریم نگر اور نظام آباد میں زیادہ ہیں۔ واضح رہے کہ بورڈ انٹر میڈیٹ ایجوکیشن نے طلبہ کو انتباہ دیا ہے کہ نقل نویسی کی صورت میں کریمنل کیس درج کرتے ہوئے فوری جیل بھیج دیا جائے گا۔ عہدیداروں نے ریاست بھر میں 75 فلائنگ اسکواڈز، 200 سیٹنگ اسکواڈز کی خدمات حاصل کی ہیں۔ طلبہ کو مقررہ وقت پر امتحان ہال پہنچنے میں تاخیر کی صورت میں 5 منٹ کی رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ طلبہ پر ذہنی تناؤ کو کم کرنے کیلئے ماہرین نفسیات کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جن سے ہیلپ لائن نمبر 040-24655027 پر ربط کیا جاسکتا ہے۔1