اب میموز کو لیمنیشن کروانے کی ضرورت نہیں ، 15 اگست سے اجرائی
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن نے طلبہ کے سرٹیفیکٹس کی پائیداری اور حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ایک اہم فیصلہ کیا ہے ۔ طلبہ کو اب عام کاغذ کے بجائے واٹر پروف اور (Synthetic) مواد سے تیار کردہ جدید مارکس میمو جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ روایتی طور پر طلبہ اپنے مارکس میمو اور سرٹیفیکٹس کو پانی کی نمی یا پھٹنے سے بچانے کے لیے لیمنیشن کروایا کرتے تھے ۔ جس میں بعض اوقات سرٹیفیکٹ کے خراب ہونے یا اصلیت پر شک کا اندیشہ رہتا تھا ۔ انٹر بورڈ کے اس نئے فیصلے کے بعد طلبہ کو اپنے سرٹیفیکٹس کو خصوصی طور پر لیمنیشن کروانے کی بالکل ضرورت نہیں رہے گی کیوں کہ نیا میمو پانی ۔ دھول اور مڑنے سے محفوظ رہے گا ۔ انٹر بورڈ کے حکام کے مطابق یہ نئے اور جدید میموس اسی جاریہ سال 2026 سے جاری کئے جائیں گے ۔ عہدیداروں نے تمام تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے اور 15 اگست ( یوم آزادی ) تک یہ جدید مارکس میموز طلبہ کو حوالے کرنے کے لیے تیزی سے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ انٹر بورڈ کے اس فیصلے سے نہ صرف طلبہ کو لیمنیشن کے مالی بوجھ اور پریشانی سے نجات ملے گی بلکہ ان کی تعلیمی اسناد برسوں تک بالکل نئی اور محفوظ حالت میں برقرار رہیں گے ۔۔ 2/m/b