انٹرمیڈیٹ امتحانات میں اقلیتی اقامتی جونیئر کالجس کے شاندار نتائج

   

تین طلبہ کو اسٹیٹ رینک ، ہر ضلع میں ڈگری کالج کی تجویز، فہیم قریشی اور شفیع اللہ کی پریس کانفرنس

حیدرآباد ۔15۔ اپریل (سیاست نیوز) انٹرمیڈیٹ امتحانات میں اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے تحت چلنے والے جونیئر کالجس کے نتائج شاندار رہے۔ انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر میں نتیجہ 81 فیصد رہا جبکہ سکنڈر ایئر میں 90 فیصد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے نائب صدرنشین محمد فہیم قریشی اور سکریٹری بی شفیع اللہ آئی ایف ایس نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نتائج کی تفصیلات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کو ریاست کی تمام اقامتی اسکول سوسائٹیوں میں نتائج کی بنیاد پر دوسرا مقام حاصل ہوا ہے ۔ 41 اقامتی جونیئر کالجس کے نتائج صد فیصد رہے جبکہ 122 جونیئر کالجس کا نتیجہ 80 فیصد سے زائد رہا۔ تین طلبہ کو اسٹیٹ رینک حاصل ہوا۔ جڑچرلہ گرلز جونیئر کالج کی شمیم نکہت نے ایم پی سی گروپ میں فرسٹ ایئر کے تحت 470 میں 468 نشانات حاصل کئے۔ سکنڈر ایئر میں آصف نگر جونیئر کالج کی طالبہ عائشہ بیگم نے بی پی سی گروپ میں 996 نشانات حاصل کئے ۔ کریم نگر بوائز جونیئر کالج کے محمد رحمن کو ووکیشنل ایم ایل ٹی سکنڈ ایئر کورس میں 997 نشانات حاصل ہوئے۔ فہیم قریشی نے شاندار نتائج پر پرنسپلس ، لکچررس اور طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اقامتی اسکولس اور جونیئر کالجس کے ذریعہ اقلیتوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ سوسائٹی کے تحت مسابقتی امتحانات کی کوچنگ کیلئے 22 سنٹرس آف ایکسلینس قائم کئے گئے جن میں ابھی تک 15830 طلبہ نے کوچنگ حاصل کرتے ہوئے نامور یونیورسٹیز، آئی آئی ٹی ، این آئی ٹی اور میڈیکل کالجس میں داخلہ حاصل کیا۔ فہیم قریشی نے بتایا کہ ہر متحدہ ضلع میں آئندہ تعلیمی سال سے بوائز اور گرلز کے ڈگری کالج کے قیام کا منصوبہ ہے۔ شہر کے بہ نسبت اضلاع کے جونیئر کالجس میں نتائج بہتر رہے۔ انہوں نے والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ شہری علاقوں میں بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں۔ بی شفیع اللہ نے بتایا کہ اسکول اور کالجس کی موجودہ نشستوں سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور جنوری سے ہی داخلوں کی مہم شروع کی گئی تھی۔ داخلوں کے سلسلہ میں رضاکارانہ تنظیموں اور سماج کے بااثر افراد کا تعاون حاصل کیا گیا ۔ ہر جمعہ کو مساجد میں اپیل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر نشستوں سے زیادہ درخواستیں موصول ہوتی ہیں تب بھی کسی بھی طالب علم کو واپس نہیں کیا جائے گا۔ حکومت نے ٹمریز کیلئے 172 کروڑ کا بجٹ جاری کیا ہے۔ اقامتی اسکول اور کالجس کو ذاتی عمارتوں میں منتقل کرنے کے تحت عمارتوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔1/k