کوٹ دوار، 30 مئی (یواین آئی) اتراکھنڈ کے انکتا قتل کیس میں آخر کار عدالت نے جمعہ کو سزا کا اعلان کرتے ہوئے کلیدی ملزم پلکِت آریہ سمیت تینوں ملزمین کو قصوروار قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رینا نیگی کی عدالت نے آج سزا کا اعلان کیا۔ سابق بی جے پی لیڈر ونود آریہ کے بیٹے اور رشی کیش کے وننتارا ریزورٹ کے مالک پلکت آریہ کو تعزیرات ہند کی دفعہ 302، 201 اور 354 کے تحت مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے ۔ جب کہ ریزورٹ کے منیجر سوربھ بھاسکر اور انکت گپتا کو ثبوتوں کو تلف کرنے کے معاملے میں تعزیرات ہند کی دفعہ 302 اور 201 کے تحت مجرم قرار دیا گیا ہے اور دونوں کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے ۔استغاثہ کے وکیل اونیش نیگی کے مطابق تینوں کو قتل کا مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے ۔