چینائی۔ہندوستان کے سرکردہ آف اسپنر روی چندرن اشون کی خطرناک بولنگ کی بدولت ہندوستان نے انگلینڈ کو دوسرے ٹسٹ کے دوسرے دن اتوار کے روز 134 پر ڈھیرکرکے اپنی اننگز میں195 رن کی بڑی سبقت حاصل کرلی ۔ ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں 329 رن بنائے تھے ۔ہندوستان نے دوسرے دن ایک وکٹ کے نقصان پر 54 رن بنالئے ہیں اور اس کی مجموعی سبقت 249 رن کی ہوگئی ہے ۔ ہندوستان نے اپنی اننگز کو صبح چھ وکٹوں پر 300 رنز سے آگے بڑھایا اورٹیم کی پہلی اننگز 329 رن پر سمٹ گئی تھی ۔ انگلینڈ نے لنچ تک اپنی چار وکٹیں صرف39 رن پرگنوا دی تھیں اور چائے کے وقت تک اس کا اسکور آٹھ وکٹ پر 106 تھا۔ انگلینڈ کی پہلی اننگز چائے کے وقفے کے 134رن پر ڈھیر ہوگئی۔ ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز میں دن کا کھیل ختم ہونے تک شبھمن گل کا وکٹ گنواکر 54 رن بنالئے ہیں۔ گل 28 گیندوں میں 14 رن بناکر اسپنر جیک لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے ۔ دن کے اختتام کے و قت پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے روہت شرما 62 گیندوں میں25 اورچتیشور پجارا18 گیندوں میں سات رن بناکرکریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل اشون نے اسٹورٹ براڈکو بولڈ کیا اور اپنی پانچویں وکٹ حاصل کی اور انگلینڈ کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ اشون نے 23.5 اوور میں43 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ اشون نے اپنے کیریئر میں 29 ویں بار اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔فاسٹ بولرایشانت شرما نے پانچ اوورمیں22 رنز پر دو وکٹ، ڈیبیو ٹسٹ کھیل رہے اسپنر اکشر پٹیل نے 20 اوور میں40 رنزپر دو وکٹ اور فاسٹ بولر محمدسراج نے پانچ اوور میں پانچ رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔چائنا مین کلدیپ یادو کو چھ اوور میں 16 رن پر کوئی وکٹ نہیں ملا۔ انگلینڈ کی طرف سے وکٹ کیپر بین فوکس نے107 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 42 رن بنائے ۔فاسٹ بولر ایشانت شرما نے اوپنر روری برنس کو پہلے ہی اوور میں ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ روری برنس کا کھاتہ نہیں کھلا۔ دوسرے اوپنر ڈومینک سبلے کو آف اسپنر روی چندرن اشون نے کپتان وراٹ کوہلی کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ سبلے نے 16 رنز بنائے ۔ زبردست فارم میں کھیل انگلینڈ کے کپتان جو روٹ اپنا پہلا ٹسٹ میچ کھیل رہے اسپنر اکشر پٹیل کی گیند پر سویپ کرنے کی کوشش میں اشون کو آسان کیچ دے بیٹھے ۔ ڈینیل لارنس لنچ سے پہلے کی آخری گیند پر آوٹ ہوگئے ۔ انہوں نے اشون کی گیند پر فارورڈ شارٹ پر شبھمن گل کو کیچ دیا۔ روٹ نے چھ اور لارنس نے نو رن بنائے ۔ لنچ کے وقت ، بین اسٹوکس آٹھ رنز بنا کر کریز پر موجود تھے ۔لنچ کے بعد اشون نے اسٹوکس کو بولڈ کیا۔ اسٹوکس نے 18 رنز بنائے ۔ سراج نے اولی پوپ کو اپنے اوور کی پہلی ہی گیند پر وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ پوپ نے 22 رنز بنائے ۔ معین علی چھ رن بناکر پٹیل کا اور اولی اسٹون ایک رن بنا کر اشون کا شکار بنے ۔ چائے کے بعد جیک لیچ کو ایشانت نے آؤٹ کیا اور براڈ کو اشون نے اپنا شکار بنایا ۔فاکس 42 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔