انگلینڈ اور بنگلہ دیش پہلی مرتبہ مدمقابل

   

ابو ظہبی ۔ ٹی20 ورلڈ کپ 2016 کے رنر اپ انگلینڈ اور ایشیا کی حریف ٹیم بنگلہ دیش یہاں کل پہلی بار ٹی 20 مقابلے میں ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گے ۔گروپ ایک کی ان دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ 2021 کے سوپر12 مرحلے کا یہ چھٹا مقابلہ ہوگا، جو یہاں شیخ زائد اسٹیڈیم میں دوپہر ساڑھے تین بجے کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کا آج تک ٹی20 بین الاقوامی کرکٹ میں آمنا سامنا نہیں ہوا ہے ۔ دونوں کے درمیان31 بین الاقوامی مقابلے کھیلے گئے ہیں، جس میں انگلینڈ کا دبدبہ رہا ہے ۔ انگلینڈ نے 26 جبکہ بنگلہ دیش نے پانچ میچ جیتے ہیں۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے ورلڈکپ ٹورنمنٹ میں دو مرتبہ انگلینڈ کو شکست دی ہے ۔ٹیم کے ماحول کے بارے میں بات کریں تو گزشتہ میچ میں دفاعی چمپئن ویسٹ انڈیز کے خلاف یکطرفہ فتح کے بعد انگلینڈ کے حوصلے بلند ہیں، جب کہ بنگلہ دیش سری لنکا سے اپنا پچھلا میچ ہارنے کے بعد ناکامیوں پردوبارہ غورکر رہا ہے ۔ کوالیفکیشن راؤنڈ میں واپس آئے فارم کو بیٹسمینوں نے برقرار رکھا لیکن اب بولنگ سوال اٹھارہی ہے ۔ بنگلہ دیش کو ناقص بولنگ کے باعث سری لنکا کے خلاف پانچ وکٹوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ بنگلہ دیش کو سری لنکا کے خلاف دو اہم کیچ چھوڑنا مہنگا پڑا تھا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم بھی فیلڈنگ میں بہتری لانا چاہے گی کیونکہ اگر پہلے میچ میں اس کی فیلڈنگ ٹھیک ہوتی تو فتح ان کے نام ہوتی۔