اوڈیشہ میں برڈ فلو، 20 ہزار مرغیاں تلف

   

نئی دہلی ؍ بھوبنیشور: اوڈیشہ میں برڈ فلو تیزی سے پھیل رہا ہے۔ مقامی پولٹری فارم میں برڈ فلو سے مرغیوں کی ہلاکت کی اطلاعات کے بعد 20 ہزار مرغیوں کو تلف کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اوڈیشہ کے علاقہ پپلی کے ایک پولٹری فارم میں مرغیوں کے مرنے کی خبریں سامنے آنے کے بعد ریاستی حکومت کی 13 ٹیموں نے گزشتہ تین دنوں میں پپلی اور ستیہ بادی کے علاقوں میں تقریباً بیس ہزار مرغیوں کو تلف کردیا۔محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مرغیوں کی خلاف معمول موت کے حوالہ سے بروقت وارننگ کی رپورٹس جمع کریں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ برڈ فلو کی H5N1 قسم متاثرہ مرغیوں سے انسانوں میں سانس کے ذریعہ پھیل سکتا ہے، تاہم انسان سے انسان میں منتقل ہونے کا کوئی قطعی ثبوت نہیں ہے۔