آج ہند۔ لنکا پہلا میچ۔ ہندوستانیوں کی ورلڈکپ تیاری پر نظر

   

کولمبو : سلامی بلے باز شکھردھون کی کپتانی میں ہندوستانی کھلاڑی اس سال اکتوبر/نومبرمیں متحدہ عرب امارات اورعمان میں ہونے والے T-20عالمی کپ کے پیش نظر سری لنکا کے خلاف اتوار کو ہونے والے پہلے ون ڈے میں ٹیم انڈیا میں اپنی جگہ پکی کرنے کے مضبوط ارادے سے اتریں گے ۔ہندوستان کی سینئر ٹیم اس وقت انگلینڈ کے دورے پر ہے جہاں اسے میزبان ٹیم کے خلاف پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے ۔ بی سی سی آئی نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کے لئے ہندوستان اے ٹیم کو سابق کپتان اورکوچ راہول دراوڑ کی رہنمائی میں بھیجاہے ۔ دراوڑ حالانکہ کہہ چکے ہیں کہ اس سیریز میں تجربہ کرنے کی گنجائش زیادہ نہیں رہے گی لیکن جو بھی کھلاڑی مقابلوں میں اتریں گے ان کا ہدف ہندوستان کی عالمی کپ ٹیم میں جگہ بنانا رہے گا۔یہ ایک روزہ سیریز 13 جولائی سے شروع ہونی تھی لیکن سری لنکا خیمے میں کورونا کے کچھ معاملے سامنے آجانے کے سبب سیریز کو آگے بڑھایا گیا اور اب یہ 18 جولائی سے شروع ہونے جارہی ہے ۔ٹیم میں تجربہ کارکھلاڑی کپتان شکھردھون اورنائب کپتان وتیزگیندباز بھونیشورکمار بھی بہترکارکردگی کے ذریعہ ہندوستانی ٹیم میں اپنی جگہ مستحکم کرناچاہیں گے ۔ ٹیم میں کچھ ناتجربہ کارکھلاڑی جیسے چیتن سکاریا، پرتھوی شا، دیودت پڈیکل، روتوراج گائکواڑ، سوریہ کماریادو، نتیش رانا، ایشان کشن، راہل چاہر، کرشنپّا گوتم، کرونال پانڈیا، ہاردک پانڈیا اورارون چکرورتی ہیں جو خودکو بین الاقوامی سطح پرثابت کرکے ہندوستانی ٹیم میں داخل ہوناچاہیں گے ۔بھونیشور نے کہا کہ T-20 ورلڈ کپ زیادہ دور نہیں ہے اور ورلڈ کپ سے قبل ٹی 20 سیریز جیتنا اہم ہوگا۔ ورلڈ کپ سے قبل ہمارے پاس یہی تین ٹی 20 میچز ہیں۔ ہم سیریز جیت کر اس جیت کا سلسلہ ورلڈ کپ تک لے جانا چاہتے ہیں۔بھونیشور اپنی انجری سے زیادہ پریشان رہے ہیں اور اسی وجہ سے وہ انگلینڈ میں ٹیم کے ساتھ نہ ہوکر اس اے ٹیم کے ساتھ سری لنکا میں ہیں۔بھوی نے کہا کہ ایک ٹیم کی حیثیت سے ہم ٹی ٹونٹی سیریز جیتنا چاہتے ہیں تاکہ ہم یہ کہہ سکیں کہ ورلڈ کپ میں جانے سے پہلے ہم نے اپنی آخری ٹی 20 سیریز جیت لی تھی۔