نئی دہلی۔26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کردہ آیوشمان بھارت اسکیم سے ملک میں زائد از 10.74 کروڑ غریب خاندانوں کو فائدہ ہوا ہے۔ اس اسکیم کے تحت 5 لاکھ روپئے تک مفت علاج کی سہولت ہے۔ لوک سبھا میں بیان دیتے ہوئے وزیر صحت ہرش وردن نے کہا کہ آیوشمان بھارت میں کئی غریب خاندانوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ وقفہ سوالات کے دوران انہوں نے کہا کہ 23 جولائی کے اعداد و شمار کے مطابق 16.039 داوخانوں، 8.059 خانگی دواخانوں اور 7.980 عوامی دواخانوں کو آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کے تحت درج فہرست کیا گیا ہے اس اسکیم کے باعث 10.74 کروڑ غریب خاندانوں کو فائدہ پہنچا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اسکیم کو اتنا لچکدار بنادیا گیا ہے کہ ریاستوں کی جانب سے اسے اختیار کیا جاسکتا ہے۔