ریاض میں وزارت خارجہ کے ہیڈکوارٹر میں مملکت میں تعینات مختلف ممالک کے سفراء کے ساتھ اجلاس
ریاض ۔ 27 نومبر (ایجنسیز) ریاض نے اپنے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے تحفظ کیلئے ضروری سکیورٹی اقدامات کرنے کی تصدیق کی اور یمنی عوام کی حمایت پر بھی زور دیا ہے۔ ریاض کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب اس کے فضائی دفاعی نظام دہشت گرد حوثی ملیشیا کے حملوں کو مسلسل ناکام بنارہے ہیں۔ سکریٹری وزارت خارجہ برائے سیاسی امور سفیر ڈاکٹر سعود الساطی نے 25 اور 26 نومبر 2026 کو ’’ یمن میں قانونی حکومت کے حامی اتحاد ‘‘ کی افواج کے سرکاری ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کی موجودگی میں ریاض میں وزارت خارجہ کے ہیڈ کوارٹرز میں مملکت میں تعینات مختلف ممالک کے سفیروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا۔اجلاس میں سفیروں کو مملکت میں شہریوں، شہری املاک اور اہم تنصیبات اور سہولیات پر دہشت گرد حوثی ملیشیا کے کھلے عام حملوں کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا گیا جو بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ سفیروں کو بتایا گیا کہ یہ حملے ایسے دہشت گردانہ اعمال شمار ہوتے ہیں جو جان بوجھ کر شہریوں کی سلامتی، تحفظ اور جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔دونوں عہدیداروں نے اس بات کی تاکید کی کہ مملکت سعودی عرب اپنی سلامتی اور اپنی سرزمین پر موجود شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کرے گی اور یمنی عوام اور اس کی آئینی حکومت کی حمایت جاری رکھے گی اور دہشت گرد حوثی ملیشیا کے حملوں کا مقابلہ کرنے میں ان کی مدد کرے گی۔سفیروں نے مملکت، اس کی شہری املاک اور اہم تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی اپنے ممالک کی جانب سے مذمت کی تجدید کی اور ان حملوں سے نمٹنے کیلئے مملکت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر اس کے ساتھ اپنے ممالک کی یکجہتی کا اظہار کیا۔ سفیروں نے مملکت کے امن و استحکام کو برقرار رکھنے اور وہاں کے شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔متوازی طور پر ’’ یمن میں قانونی حکومت کے حامی اتحاد ‘‘ نے الحدیدہ میں بیلسٹک میزائل لانچ کرنے والے پلیٹ فارم کو تباہ کر دیا۔
اتحاد نے بتایا کہ دہشت گرد حوثی ملیشیا نے جازان ریفائنری پر اپنے حملے میں اس پلیٹ فارم کا استعمال کیا تھا۔ اس کے علاوہ صعدہ اور عمران گورنریٹس میں متعدد اہداف کے ساتھ ساتھ الحدیدہ بندرگاہ میں آپریشنل صلاحیتوں کو بھی تباہ کر دیا۔