نئی دہلی، یکم نومبر (یواین آئی) گھریلو بازار میں گاڑیوں کی فروخت میں گزشتہ ایک سال سے جاری تیزی اکتوبر میں بھی برقرار رہی۔ اس دوران ماروتی سوزوکی انڈیا نے ماہانہ فروخت کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ ماروتی سوزوکی نے اکتوبر میں 2,16,789 گاڑیاں فروخت کیں، جبکہ برآمدات سمیت اس کی مجموعی فروخت 2,76,120 یونٹس رہی۔ یہ دونوں اعداد و شمار کمپنی کی اب تک کی سب سے زیادہ ماہانہ فروخت ہیں۔ گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں ان میں بالترتیب 20 فیصد اور 25 فیصد کا زبردست اضافہ درج کیا گیا۔ملک کی دوسری بڑی کمپنی ٹاٹا موٹرس کی گھریلو فروخت میں 21 فیصد اور برآمدات میں 852 فیصد اضافہ ہوا۔ اس طرح گھریلو فروخت 73,894 یونٹس اور برآمدات 1,532 یونٹس تک پہنچ گئیں۔ اس کی مسافر گاڑیوں کی مجموعی فروخت 75,426 یونٹس رہی، جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں 23 فیصد زیادہ ہے ۔ برآمدات سمیت الیکٹرک گاڑیوں کی مجموعی فروخت بھی 75 فیصد اضافے کے ساتھ 16,244 یونٹس تک پہنچ گئی۔رینو انڈیا کی فروخت میں 35 فیصد اضافہ ہوا اور اکتوبر میں کمپنی نے 4,577 گاڑیاں فروخت کیں۔ جنوری سے اکتوبر تک کمپنی کی مجموعی فروخت 39,955 گاڑیاں رہی، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 31 فیصد اور سال 2025 کے پورے بارہ ماہ کی فروخت سے تقریباً پانچ فیصد زیادہ ہے ۔ہنڈائی موٹر انڈیا نے بھی ماہانہ فروخت کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ کمپنی نے گھریلو بازار میں 62,799 اور بیرون ملک 19,500 مسافر گاڑیاں فروخت کیں۔ ان میں بالترتیب 16.7 فیصد اور 21.1 فیصد کا سالانہ اضافہ درج کیا گیا۔ کمپنی کی مجموعی فروخت 17.7 فیصد اضافے کے ساتھ 82,299 یونٹس رہی، جو اب تک اس کی بہترین ماہانہ کارکردگی ہے ۔ مہندرا اینڈ مہندرا کی مسافر گاڑیوں کی گھریلو فروخت دو فیصد اضافہ کے ساتھ 73,338 یونٹس رہی، جبکہ برآمدات سمیت مجموعی فروخت 74,904 یونٹس تک پہنچ گئی۔ کمرشیل گاڑیوں کے شعبے میں ٹاٹا موٹرس کی فروخت سالانہ 27 فیصد اضافہ کے ساتھ 47,652 یونٹس رہی، جبکہ گزشتہ سال اکتوبر میں یہ تعداد 37,530 یونٹس تھی۔ کمپنی نے گھریلو بازار میں 39,784 اور بین الاقوامی بازار میں 7,868 کمرشیل گاڑیاں فروخت کیں۔