اگست میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں 52.9 فیصد اضافہ

   

نئی دہلی8 ستمبر (یو این آئی) ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت ماہ اگست میں 52.9 فیصد بڑھ کر 2,98,448 یونٹ ہوگئی، جو نیا ریکارڈ ہے ۔ فیڈریشن آف آٹوموبائل ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق مسافر گاڑیوں، دو پہیہ، تین پہیہ اور کمرشل گاڑیوں سمیت ای وی کی چار اقسام میں اگست کی فروخت کے سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ۔رپورٹ کے مطابق کل گاڑیوں کی فروخت میں الیکٹرک گاڑیوں کی حصہ داری گزشتہ سال کے 9.5 فیصد سے بڑھ کر 12.3 فیصد ہوگئی۔ الیکٹرک مسافر گاڑیوں کی فروخت 51.89 فیصد اضافہ کے ساتھ 30,696 یونٹ رہی اور مسافر گاڑیوں کی مجموعی فروخت میں ان کا حصہ 7.6 فیصد ہوگیا، جو گزشتہ سال 5.8 فیصد تھا۔الیکٹرک دو پہیہ گاڑیوں کی فروخت 67.05 فیصد بڑھ کر 1,83,204 یونٹ رہی۔ اس شعبے میں ٹی وی ایس موٹر کمپنی 48,938 یونٹ کے ساتھ سرفہرست رہی، جبکہ بجاج آٹو نے 41,114 اور ایتھر انرجی نے 28,757 الیکٹرک دو پہیہ گاڑیاں فروخت کیں۔تین پہیہ الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت بھی 25.28 فیصد بڑھ کر 79,846 یونٹ ہوگئی اور اس شعبے میں ای وی کی مارکیٹ حصہ داری 65.3 فیصد تک پہنچ گئی۔ بجاج آٹو 13,833 یونٹ کے ساتھ سرفہرست رہی، جبکہ مہندرا گروپ 12,819 یونٹ کے ساتھ دوسرے مقام پر رہا۔