ایران آبنائے ہرمز میں نئے اُصول نافذ کرے گا:پاسدارانِ انقلاب

   

تہران2مئی (یو این آئی) ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ وہ ہرمز کے پانیوں کو سلامتی اور خوشحالی کا ذریعہ بنائیں گے ۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران بحیرہ عرب اور آبنائے ہرمز میں ایران کے ساحل کے قریب پانیوں پر نئے اصول نافذ کرے گا۔ رپورٹس کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب اریبین گلف اور آبنائے ہرمز میں ایران کی ساحلی پٹی کے تقریباً 2,000 کلومیٹر (1,243 میل) پر کنٹرول رکھے گی اور اس پانی کو ایران کے پیارے لوگوں کے لیے فخر اور طاقت اور خطے کے لیے سلامتی اور خوشحالی کا ذریعہ بنایا جائے گا۔ دوسری جانب ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے پیش کردہ تجاویز سے متفق نہیں ہوں اب جنگ یا سفارتی حل میں سے ایک کا فیصلہ کرنا ہوگا جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران سفارتکاری کا راستہ کھلا رکھنے کے لیے تیار ہے تاہم امریکہ کو دھمکی آمیز لہجہ تبدیل کرنا ہوگا۔

ہرمز سے گزرنے پر ایران کو ادائیگی کرنے والے جہازوں پر پابندیاں
واشنگٹن2مئی (یو این آئی) امریکی وزارت خزانہ نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرنے کے لیے ایران کو ادائیگی کرنے والے جہازوں پر پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔ وزارتِ خزانہ کے فارن ایسیٹ کنٹرول آفس (او ایف اے سی) کے مطابق ہر اُس جہاز کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جو آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے ایران کو ادائیگی کرے گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پابندیاں ان تمام جہازوں پر لاگو ہوں گی جو کسی بھی صورت میں ایران کو مالی ادائیگی کریں گے ، خواہ یہ ادائیگی کسی ایرانی این جی او کو چندے کی صورت میں ہو یا ڈیجیٹل طریقے سے کی گئی ہو۔
ایران میں اسرائیل کیلئے جاسوسی، 2 افراد کو پھانسی
تہران 2 مئی (ایجنسیز) ایرانی عدلیہ نے کہا کہ ایران نے ہفتے کے روز دو افراد کو اسرائیل کیلئے جاسوسی کے جرم میں پھانسی دے دی جو حالیہ ہفتوں میں پھانسیوں کے سلسلے کا تازہ ترین واقعہ ہے۔ عدلیہ کی آن لائن ویب سائٹ میزان نے کہاکہ یعقوب کریم پور اور ناصر بکرزادہ کو صیہونی حکومت کیلئے انٹلی جنس تعاون اور جاسوسی کرنے کے جرم میں پھانسی دی گئی۔