تہران، یکم ؍جولائی (یو این آئی) ایران نے اسرائیل کے ساتھ 12روزہ جنگ اور نیوکلیئر تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد واشنگٹن کے ساتھ فوری مذاکرات شروع ہونے کا امکان مسترد کر دیا۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے حال ہی میں اشارہ دیا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات اس ہفتے دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں جبکہ وائٹ ہاؤس نے واضح کیا تھا کہ تہران کے ساتھ سرکاری طور پر کوئی بات چیت طے نہیں ہے ۔ایران کی نیوکلیئر تنصیبات پر امریکی فضائی حملوں کے بعد وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہیکہ مجھے نہیں لگتا کہ امریکہ کے ساتھ نیوکلیئر مذاکرات اتنی جلدی دوبارہ شروع ہوں گے ۔عباس عراقچی نے سی بی ایس کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ ہمارا مذاکرات میں دوبارہ شامل ہونے کا فیصلہ اس بات سے مشروط ہوگا کہ امریکہ اس دوران حملے نہ کرے تاہم میں سمجھتا ہوں کہ ان تمام تحفظات کے ساتھ ہمیں ابھی مزید وقت درکار ہے ۔ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ سفارت کاری کے دروازے کبھی بند نہیں ہوں گے ۔