ایران جنگ کے باعث بیٹے کی شادی میں شرکت مشکل ہو سکتی ہے :ٹرمپ

   

واشنگٹن، 22 مئی (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اپنے بڑے بیٹے ڈونالڈ ٹرمپ جونیئر کی شادی میں شرکت کی کوشش کریں گے ، تاہم ایران جنگ اور دیگر اہم معاملات کے باعث موجودہ صورتحال ان کے لیے موزوں نہیں ہے ۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 48 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر رواں ہفتے کے اختتام پر بہاماس میں بیٹینا اینڈرسن سے دوسری شادی کریں گے ۔اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کے بیٹے کی خواہش ہے کہ وہ شادی کی تقریب میں شریک ہوں، لیکن اس وقت ایران جنگ اور دیگر بین الاقوامی معاملات ان کی اولین ترجیح ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ تقریب میں شرکت کی کوشش کریں گے ، تاہم یہ ایک مختصر نجی تقریب ہوگی اور موجودہ حالات ان کے لیے مناسب نہیں ہیں کیونکہ ایران کا معاملہ جاری ہے ۔ٹرمپ نے کہا کہ اگر وہ شادی میں شرکت کرتے ہیں تو میڈیا تنقید کرے گا اور اگر شرکت نہیں کرتے تب بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑے گا۔امریکی صدر نے اپنے بیٹے اور بہو کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں کی ازدواجی زندگی خوش گوار رہے گی۔