ایران : مذہبی مقامات کو کھولنے کے اشارے

   

تہران 19 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران میں کرونا کی وباء کے تسلسل کے باوجود حکومت نے مشہد، قْم اور شیراز میں بارگاہوں کو کھولنے کی تیاری شروع کی ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق 23 اپریل کو ماہ صیام کے آغاز کے ساتھ ہی ایران نے بارگاہیں کھولنے کا عندیہ دیا ہے۔خیال رہے کہ ایران میں کرونا کی وباسے نمٹنے میں ناکامی پرحکومت کو عوامی تنقید کا سامنا ہے۔ ایران میں کرونا پھیلنے کے بعد بروقت مزارات پرپابندی نہیں لگائی گئی جسکے نتیجے میں کرونا کی وبا دوسرے علاقوں میں پھیلتی چلی گئی۔گذشتہ دنوں ایرانی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وزارت کرونا کی روک تھام کیلئے خالص سائنسی انداز اپنا رہی ہے۔دوسری طرف ایران میں سیاسی رہنما، ارکان پارلیمنٹ اور ماہرین کی جانب سے کرونا معاملے میں لاپرواہی برتنے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔وزارت کا کہنا ہے کہ بڑے مذہبی اجتماعات پرپابندی بدستور برقرار ہے۔ جبکہ دوسری طرف ایران کی مذہبی اتھارٹی ملک بھرمیں مزاروں اور دیگر مذہبی مراکز کو زائرین کیلئے کھولنے کی تیاری کررہی ہے۔