ایران نے اپنی فضائی حدود مکمل کھولنے کو ہفتہ تک ملتوی کیا

   

تہران، 27 جون (یو این آئی) ایران نے اپنی فضائی حدود کو مکمل طور پر کھولنے کا فیصلہ ہفتہ کی سہ پہر تک ملتوی کر دیا ۔ یہ اطلاع سرکاری خبر رساں ایجنسی ایرنا نے جمعہ کے روز دی۔خبر رساں ایجنسی نے ایرانی وزارت شاہراہ اور شہری ترقیات کے ترجمان ماجد اخوان کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ فیصلہ مسافروں اور پروازوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے لیے ملک کی مشرقی فضائی حدود کو دوبارہ کھولنے کے پیش نظر کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے شمالی، جنوبی اور مغربی حصوں میں فضائی حدود ہفتہ کے روز مقامی وقت کے مطابق 14:00 بجے تک بند رہیں گی۔وزارت نے بدھ کی رات اپنی مشرقی فضائی حدود کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھاکہ اس اقدام کا مقصد ہوائی ٹریفک کو بتدریج معمول کی سطح پر بحال کرنا ہے ۔تہران اور دیگر علاقوں پر اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد ایران نے 13 جون کو اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں۔