تہران : ایران کی جیلوں سے رہا ہونے والے تین یورپی شہری واپس اپنے ملک پہنچ گئے ہیں۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق رہا ہونے والے قیدیوں میں سے ایک کا تعلق ڈینمارک جبکہ دوسرے دو کا آسٹریا سے ہے۔تینوں یورپی شہری ہفتہ کی رات گئے عمان سے برسلز کے میلس بروئیک ملٹری ایئرپورٹ پر پہنچے تھے۔عمان نے تینوں یورپی شہریوں کی رہائی میں ثالث کا کردار ادا کیا ہے۔بلجیم کی وزیر خارجہ حادجہ لاحبیب نے ڈنمارک اور آسٹریا کے سفارتکاروں کے ہمراہ ایئرپورٹ پر رہا ہونے والے قیدیوں کا خیرمقدم کیا۔ان تینوں افراد سمیت گزشتہ ہفتے رہا ہونے والے بلجیم امدادی کارکن کو قیدیوں کے تبادلے کے تحت چھوڑا گیا ہے جس کے عوض بلجیم نے ایرانی سفارتکار اسد اللہ اسدی کو رہا کیا جنہیں دہشت گردی کے الزام کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تھا۔آسٹریا نے اپنے شہریوں کامران غدیری اور مسعود مساہب کی رہائی پر کہا کہ ’سالوں کی سفارتکارانہ کوششوں کے بعد کامیابی ملی، آج کا دن ہم سب کے لیے انتہائی جذباتی ہے۔‘جبکہ ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے شہری تھامس جیمز نے کوپن ہیگن پہنچنے پرصحافیوں کو بتایا کہ ایرانی جیل میں ان کے ساتھ اچھا برتاؤ کیا گیا اور تشدد کا نشانہ نہیں بنایا گیا۔تھامس جیمز کو نومبر 2022 میں ایران میں خواتین کے حقوق پر ہونے والے مظاہرے کے مقام سے گرفتار کیا گیا تھا۔