تہران : ایران کے وزیر خارجہ نے ویڈیو تنازعہ پر ناراض ہو کر اپنا ہندوستان کا دورہ منسوخ کردیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان کو 3 سے 4 مارچ کو طے شدہ رائے سینا ڈائیلاگ میں شرکت کے لیے ہندوستان آنا تھا۔ رپورٹس کے مطابق رائے سینا ڈائیلاگ ایک اہم تھنک ٹینک پروگرام ہے جس کا انعقاد آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن (او آر ایف) نے وزارت خارجہ کے اشتراک سے کیا ہے۔ میڈیا کے مطابق رائے سینا ڈائیلاگ کی ایک اشتہاری ویڈیو تقریباً ایک ماہ قبل جاری کی گئی تھی جس میں ایونٹ کے 2023 ایڈیشن کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس دو منٹ دورانیہ کے کلپ میں ایرانی خواتین کی احتجاج کے دوران بال کاٹتے ہوئے تصویر 2 سیکنڈ کے لیے دکھائی گئی جس کے ساتھ ایرانی صدر کی تصویر بھی دکھائی گئی تھی۔ رپورٹس کے مطابق ان تصاویر پر ایران نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا ہندوستان کا مجوزہ دورہ منسوخ کیا۔ یاد رہے کہ ایران میں گزشتہ سال ستمبر میں 22 سالہ مہسا امینی کو پولیس نے غیرمناسب حجاب پہننے پر حراست میں لیا تھا اور حراست کے دوران ان کی موت واقع ہوگئی تھی، جس کے بعد سے ایران میں مظاہرے جاری ہیں۔