ایرانی صدر کا دورۂ عمان ،کئی تجارتی معاہدے متوقع

,

   

تہران : ایران کے صدر ابراہیم رئیسی پیر کے روزخلیجی سلطنت عْمان کے سرکاری دورہ پرمسقط پہنچے ہیں۔انھوں نے عْمان کی سلطان ہیثم بن طارق السعید سے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پربات چیت کی ہے۔ان کے دورے کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان متعدد تجارتی معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں ۔ عمانی حکومت کے ایک بیان کے مطابق سلطان ہیثم بن طارق السعید نے ہوائی اڈے پر ایرانی صدر کا استقبال کیا اورانھیں شاہی محل آمد پر21 توپوں کی سلامی دی گئی۔صدررئیسی عمان کا یہ ایک روزہ دورہ ایسے وقت میں کررہے ہیں جب 2015ء میں طے شدہ جوہری معاہدے کی بحالی کے بارے میں مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔عمان نے اصل معاہدے کی بحالی کی کوششوں میں تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کیا ہے۔ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایرنا کے مطابق ابراہیم رئیسی نے روانگی سے قبل کہا کہ ان کے دورے سے عمان کے ساتھ تجارتی تبادلے میں یقینی طور پر بہتری آئے گی۔ انھوں نے مزیدکہا کہ دونوں ممالک سیاسی اور اقتصادی تعلقات کی سطح کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔