دو کروڑ ناموں کی شمولیت، اترپردیش، گجرات، چھتیس گڑھ اور مغربی بنگال شامل
حیدرآباد۔ 12 اپریل (سیاست نیوز) ملک میں الیکشن کمیشن کی جانب سے فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم (SIR) پر شبہات کے درمیان کمیشن نے وضاحت کی ہے کہ 12 ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں دوسرے مرحلے کی ایس آئی آر مہم کے تحت تقریباً 5.2 کروڑ ناموں کو حذف کیا گیا جبکہ 2 کروڑ سے زائد نام شامل کئے گئے۔ 12 ریاستوں و مرکزی زیر انتظام علاقوں کے جملہ 50.9 کروڑ ووٹرس میں 5.2 کروڑ ناموں کی کٹوتی کی گئی جو 10.2 فیصد ہوتے ہیں۔ کمیشن ذرائع کے مطابق اترپردیش، انڈومان نکوبار، گجرات، چھتیس گڑھ، مغربی بنگال، ٹاملناڈو، گوا، پڈوچیری، مدھیہ پردیش، راجستھان، کیرالا اور لکشادیپ میں 6.5 کروڑ ناموں کی نشاندہی کی گئی جو غیر حاضر، فوت یا مستقبل منتقل ہوچکے تھے۔ ان میں ایسے بھی ووٹر ہیں جن کے نام ایک سے زائد مقامات پر پائے گئے۔ فوت ووٹرس میں 66.9 لاکھ کی نشاندہی کی گئی جبکہ ایک سے زائد مقامات پر 1.3 کروڑ نام پائے گئے۔ مہم کے دوران 1.3 کروڑ رائے دہندے غیر حاضر شمار کئے گئے جبکہ 3.1 کروڑ منتقل ہوچکے ہیں۔ دیگر زمرہ جات کے تحت 12.7 لاکھ ناموں کی نشاندہی کی گئی۔ فارم 7 کے تحت اعتراضات کے ذریعہ 63.2 لاکھ نام حذف کئے گئے۔ ریاستوں و مرکزی زیر انتظام علاقوں میں جملہ 7.2 کروڑ نام حذف کئے گئے اور جانچ کے بعد 2.01 کروڑ نام شامل کئے گئے۔ کمیشن کے مطابق جملہ حذف کردہ ناموں کی تعداد 5.2 کروڑ ہے جو 27 اکتوبر 2025 کو شروع کردہ ایس آئی آر کے بعد سے تازہ اعداد و شمار ہیں۔ 12 ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں حقیقی رائے دہندوں کی تعداد 45.8 کروڑ متعین کی گئی۔ انڈومان نکوبار میں 16.6 فیصد نام حذف کئے گئے جبکہ اترپردیش 13.2 فیصد، گجرات 13.1 فیصد اور چھتیس گڑھ میں 11.3 فیصد نام حذف کئے گئے۔ مغربی بنگال میں جملہ 27.1 لاکھ ناموں کو فہرست سے حذف کیا گیا۔ مغربی بنگال، ٹاملناڈو اور گوا میں اعلیٰ الترتیب 10.9 فیصد، 10.6 فیصد اور 10.2 فیصد حذف کئے گئے۔ پڈوچیری میں 7 فیصد نام حذف ہوئے جبکہ مدھیہ پردیش، راجستھان، کیرالا اور لکشادیپ میں ایک تا پانچ فیصد نام حذف کئے گئے ۔ 12 ریاستوں میں 2 کروڑ سے زائد ناموں کی شمولیت میں اترپردیش 92.4 لاکھ کے ساتھ سرفہرست ہے۔ ٹاملناڈو میں 35 لاکھ، کیرالا 20.4 لاکھ، راجستھان 15.4 لاکھ، مدھیہ پردیش 12.9 لاکھ اور گجرات میں 12.1 لاکھ نام شامل کئے گئے۔ 1؍F