ایس آئی او تلنگانہ کا ’’فائنانشل لٹریسی ورکشاپ‘‘

   

نوجوانوں کی مالی ترقی کے لیے مؤثر اقدام
حیدرآباد 27 اپریل (پریس نوٹ) ایس آئی او تلنگانہ کے زیر اہتمام “فائنانشل لٹریسی ورکشاپ 2025” آج میڈیا پلس، عابڈس، حیدرآباد میں اختتام پذیر ہوا۔ یہ ورکشاپ نوجوانوں اور پیشہ ور افراد میں مالی شعور اور اقتصادی خودمختاری کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوئی۔ یہ ایک دن پر محیط ورکشاپ قرآنِ کریم کی تلاوت سے آغاز پذیر ہوا۔ بعد ازاں ایس آئی او تلنگانہ کے ایچ آر ڈی سیکریٹری، حسین شہباز نے افتتاحی خطاب کیا، جس میں انہوں نے قوم کی تعمیر و ترقی کے لیے مالیاتی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ورکشاپ کے کلیدی مقرر، ممتاز ماہر اقتصادیات اور ہارورڈ لاء اسکول کے سابق مہمان محقق، ڈاکٹر شارق نثار نے اپنے فکر انگیز خطاب میں ہندوستانی مسلم معاشرے کے تناظر میں مالی منصوبہ بندی اور معاشی صلاحیت سازی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ پہلا سیشن ڈاکٹر محمد جاوید (مانو) نے لیا، جس میں شرکاء کو جی ڈی پی، مہنگائی، ٹیکسیشن اور عالمی تجارت جیسے اہم معاشی تصورات کی واضح تفہیم فراہم کی گئی۔ دوسرے سیشن میں معروف مالیاتی منصوبہ ساز، سید یونس کبیر نے ہدفی مالیاتی منصوبہ بندی، ذاتی مالیات کی درست حکمتِ عملی، اور پانزی اسکیموں و قرضہ جاتی جال سے بچاؤ کے عملی طریقے پیش کیے۔ ظہرانے کے بعد ایک پْر جوش پینل مباحثہ ہوا، جس میں معروف کاروباری منتظمین (entrepreneurs)، جناب معراج فہیم اور سید اظہر الدین نے حلال تجارت کے قیام اور سرکاری اسٹارٹ اپ اسکیموں سے استفادے کے بارے میں اپنے تجربات اور قیمتی مشوروں سے نوازا ۔ ڈاکٹر شارق نثار نے شرعی سرمایہ کاری اور اخلاقی سرمایہ کاری کے اصولوں پر بھی ایک جامع اور معلوماتی ماسٹر کلاس لی۔انہوں نے کہاکہ ’’مالی منصوبہ بندی اور معاشی صلاحیت سازی ہندوستانی مسلم کمیونٹی کی ترقی اور خودمختاری کے لیے ناگزیر ہے۔ معاشیات اور مالیاتی نظام کی بنیادی سمجھ بوجھ ہی پائیدار ترقی اور قومی وقار کے قیام کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔‘‘ ورکشاپ کا اختتام ایس آئی او تلنگانہ کے صدرِ حلقہ، محمد فراز احمد کے صدارتی خطاب پر ہوا، جس میں انہوں نے معاشی حصول اور معاشرتی ترقی کے اسلامی اصولوں پر زور دیا۔