ایس ایس سی نتائج : بہادر پورہ زون کو دوسرا مقام

   

سرکاری اسکولس کی بہتر کارکردگی ، امیر پیٹ سرفہرست
حیدرآباد۔30اپریل (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں سرکاری اسکولوں کے ایس ایس سی نتائج میں پرانے شہر کے بہادر پورہ زون نے شہر میں دوسرا مقام حاصل کرنے میں کامیاب رہا جبکہ امیر پیٹ زون کے سرکاری اسکولوں کے ایس ایس سی نتائج کے سبب امیر پیٹ شہر میں پہلے مقام پر رہا۔ سرکاری اسکولوں کے ایس ایس سی نتائج میں بہادر پورہ زون سے جملہ 707 طلبہ نے ایس ایس سی امتحان تحریر کیا تھا جن میں 550 طلبہ نے کامیابی حاصل کی۔بہادرپورہ زون میں 707طلبہ میں 600طلبہ کا تعلق اردو میڈیم سے ہے اور اردو میڈیم کے نتائج میں سال گذشتہ کے مقابلہ میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔اس زون کے جملہ 4اسکولوں کا نتیجہ 100 فیصد رہا جبکہ مجموعی اعتبار سے 26 سرکاری اسکولوں کا نتیجہ 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے بتایا کہ تعلیمی سال 2023-24 کے دوران بہادر پورہ زون کے اسکولوں بالخصوص اردومیڈیم اسکولوں پر دی گئی خصوصی توجہ کے نتیجہ میں شہر حیدرآباد کے تمام زونس میں بہادر پورہ زون نے دوسرا مقام حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ۔بتایاجاتا ہے کہ اردو میڈیم سرکاری اسکولوں کے بہتر نتائج کے بعد اب توقع ہے کہ ان سرکاری اسکولوں میں داخلہ حاصل کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا اور آئندہ سال شہر حیدرآباد کے جملہ 26 سرکاری اسکولوں میں داخلوں کے فیصد میں بھی اضافہ کے اقدامات کرتے ہوئے سطح غربت سے نیچے زندگی گذارنے والے اور متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے خاندانوں کے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخلہ حاصل کرنے کی ترغیب کے دوران ایس ایس سی نتائج کا حوالہ دیا جاسکے گا۔3