ایس ایل بی سی پراجکٹ نلگنڈہ کو کارکرد بنانے کے اقدامات

   

ضلع کے آبپاشی پراجکٹس پر جائزہ اجلاس ، وزراء اتم کمار ریڈی اور کومٹ ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔12جنوری(سیاست نیوز) نلگنڈہ ضلع میں جاری آبپاشی پراجکٹس کی اندرون دو سال تکمیل کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں اور زرعی شعبہ کو پانی کی سربراہی یقینی بنائی جائے۔ ریاستی وزیر کیپٹن اتم کمار ریڈی اور مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آج محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انہیں ہدایات جاری کی۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب زرعی شعبہ کو ترقی دینے کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز کیا جاچکا ہے اور سابقہ کانگریس حکومت نے 10 سال قبل سری سیلم لفٹ ایریگیشن پراجکٹ کو مکمل کردیا تھا لیکن گذشتہ 10 برسوں کے دوران ریاستی حکومت کی جانب سے اس پراجکٹ کو نظرانداز کئے جانے کے نتیجہ میں پراجکٹ کی حالت انتہائی ابتر ہوچکی ہے۔ کیپٹن این اتم کمار ریڈی نے بتایاکہ ریاستی حکومت اور چیف منسٹر اے ریونت ریڈی ریاست کی مجموعی ترقی بالخصوص زرعی ترقی کے سلسلہ میں سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عہدیداروں کو فوری طور پر ایس ایل بی سی پراجکٹ نلگنڈہ کو درست کرتے ہوئے اسے کارکرد بنانے کے اقدامات کرنے ہوں گے۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ محکمہ آبپاشی کے عہدیدار معینہ مدت میں پراجکٹس کی تکمیل کے سلسلہ میں اقدامات کریں تاکہ ان پراجکٹس کی تکمیل کے ساتھ ہی ریاست تلنگانہ کے متحدہ ضلع نلگنڈہ میں ایک لاکھ ایکڑ زرعی اراضی کو سیر آب کرنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔3