ایس ۔ ہب کے ذریعہ 50 لاکھ اقلیتوں کی ترقی کا نشانہ

   

ایڈوینچر پارک اسٹارٹ اپ انکیوبیشن سنٹر کے پروگرام سے جناب عامر علی خان کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ؍ جنوری ( سیاست نیوز) پچاس لاکھ اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے مقصد کے تحت سیاست نے ایس ۔ ہب کا آغاز کیا۔ نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا اور ترقی کی سمت گامزن کرنا ایس ۔ ہب کا نصب العین ہے۔ تجارت میں مہارت اور ترقی کی منزلوں کو طے کرنے کا جذبہ رکھنے والوں کے لئے ایس ۔ ہب ہمیشہ تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار جناب عامر علی خان رکن قانون ساز کونسل نے کیا۔ انہوں نے آج یہاں باغ عامہ میں ایڈوینچر پارک اسٹارٹ اپ انکیوبیشن سنٹر کے پروگرام فاؤنڈرس فیٹ کو مخاطب کیا۔ ہر سال 31 ڈسمبر اور یکم جنوری یہ پروگرام منعقد کیا جاتا ہے جس میں 200 مختلف اسٹارٹ اپ کے اسٹالس لگائے جاتے ہیں۔ تجارت پیشہ افراد اور تجارت میں ذوق رکھنے والے کاروبار کا آغاز کرنے والے افراد کے لئے یہ پروگرام کافی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ جاریہ سال 151 اقسام کے اسٹارٹ اپ اسٹالس رکھے گئے۔ جناب عامر علی خان رکن قانون ساز کونسل نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈوینچر پارک کے محمد معراج کی کوششوں کی ستائش کی اور معراج سے اپنے سات سالہ پرانے روابط کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت معراج نے جو تجاویز کو پیش کیا تھا اور اسٹارٹ اپ بزنس کے جو مقاصد پیش کئے تھے اور ایسی اچھی ترکیب پیش کی تھی لیکن اس وقت حالات مختلف تھے۔ جناب عامر علی خان نے کہا کہ اب حالات مختلف ہیں وہ کونسل کی رکنیت رکھتے ہیں اور ایسے حالات میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو دور کرنا اور نئے تجربہ کو پروان چڑھانا مشکل نہیں ہوگا۔ انہوں نے اس ضمن میں سیاست ہب کے قیام اور اس کے مقاصد کو پیش کیا اور کہا کہ ایس ۔ ہب کی منزل دور ہے لیکن مقاصد مثالی ہیں۔ ایس ۔ ہب کا قیام اسکل ڈیولپمنٹ، گریٹر گائیڈنس، ربوٹک، آرٹیفیشیل انٹلی جنس اور تجارت میں نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے ساتھ ساتھ ترقی کے لئے ان کی مدد کرنا ہے۔ ایس ۔ ہب میں ہر شعبہ حیات سے وابستہ افراد کی رہنمائی کی جاتی ہے۔ سیاست کے احاطہ میں قائم ایس ۔ ہب سے مفت رہنمائی کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ۔ ہب ایک ایسا سنٹر ہے جہاں ہر قسم کی مشکلات تجارتی مسائل، کاروبار کو فروغ دینے کے طریقہ، نئی تجارت، پالیسیوں اور بالخصوص اسٹارٹ اپ بزنس کے لئے مکمل رہنمائی کی جاتی ہے۔ اس موقع پر اسپیشل سکریٹری حکومت تلنگانہ جسٹس رنجن نے کہا کہ اسٹارٹ اپ کے ذریعہ تجارت کے ساتھ ساتھ ملازمتوں کا موقع بھی حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے اسٹارٹ اپ کی پالیسیوں اور اس رجحان کو بہتر قرار دیا۔ اس موقع پر آئی ایس بی کے اجیت رنگریکر نے جسٹس رنجن کی خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ آج تلنگانہ میں آئی ٹی شعبہ کی ترقی کا سہرا جسٹس رنجن کو جاتا ہے اس موقع پر دیگر موجود تھے۔ ع